میچ فکسنگ الزامات ، بے بنیاد افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہوں، شعیب ملک
دبئی ،ڈھاکہ (آن لائن )پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں میچ فکسنگ کے الزامات پر خاموشی توڑ تے ہوئے کہا ہے کہ واضح طور پر ان بے بنیاد افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہوں،فارچیون بریشال کے ساتھ اپنی پلیئنگ پوزیشن کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتا ہوں۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شعیب ملک نے کہا ہے کہ میں نے کپتان تمیم اقبال کے ساتھ مکمل بات چیت کی اور پھر ہم باہمی طور پر آگے بڑھے۔شعیب ملک نے بتایا کہ دبئی میں پہلے سے طے مصروفیت کی وجہ سے مجھے بنگلادیش چھوڑنا پڑا۔شعیب ملک نے اپنے بیان میں بی پی ایل کی ٹیم کے لیے نیک تمناوٴں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں۔ شعیب ملک نے اپنے پیغام میں بنگلادیش پریمیئر لیگ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر احتیاط برتنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ میں واضح طور پر ان بے بنیاد افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ہر کسی کے لیے معلومات پر یقین کرنے اور پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کرنا بہت ضروری ہے، جھوٹ ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور یہ غیر ضروری الجھن پیدا کر سکتا ہے۔ دوسری جانب شعیب ملک کے میچ فکسنگ میں متعلق ہونے سے متعلق خبروں پر بی پی ایل ٹیم فورچیون باریشال کے مالک نے بھی الزامات کو مستردکردیا ہے ۔بی پی ایل کے ایک میچ میں شعیب ملک نے بولنگ کے دوران لگاتار تین نو بالز کروائی تھیں جس کے بعد ان سے متعلق میچ فکسنگ کے الزامات سامنے آئے تھے۔مالک فورچیونز باریشال میزان الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شعیب ملک کے خلاف میچ فکسنگ سے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، شعیب ملک ایک اچھے کرکٹر ہیں، انہوں نے ہماری ٹیم کے لیے بہترین کھیل پیش کیا ہے۔مالک فورچیون باریشال نے مزید کہا کہ شعیب ملک ایک سینئر کرکٹر ہیں ہمیں ان کی عزت کرنی چاہیے اور وہ عزت کرنے کے لائق ہیں۔ یاد رہے کہ شعیب ملک 3 روز قبل بی پی ایل کا میچ کھیلنے کے بعد بنگلا دیش سے ٹی ٹین لیگ کھیلنے متحدہ عرب امارات چلے گئے تھے۔
Comments are closed.