متنازع ٹویٹ کیس،بیرسٹرگوہر،رؤف حسن نے طلبی نوٹس چیلنج کردیئے
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے متنازع ٹوئٹ کے معاملے پر شکایت اورایف آئی اے کی جانب سے ان کی طلبی کا نوٹس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیاچیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان اور سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی، درخواست میں سیکریٹری داخلہ، شکایت کنندہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزاروں نے عمران خان کے ٹویٹ کی حمایت کرتے ہوئے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے ہونے والے ٹوئٹ کا مقصد پاکستان کے لیے یکجا ہونے کا درس دینا تھا، ٹوئٹ کا مقصد ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے نیشنل ڈائیلاگ کے اہتمام کی ترغیب دینا تھا۔
درخواستگزار کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہونے والے ٹویٹ کو سیاسی مخالفین نے توڑ مروڑ کر پیش کیا، سرکاری مشینری حرکت میں آتی ہے، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے شکایت درج کر دی جاتی ہے، شکایت میں کہا جاتا ہے کہ ٹوئٹ سے مسلح افواج کے جوانوں کو بغاوت پر اکسایا گیا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر کی کمپلینٹ ایک کمپلینٹ نہیں بلکہ ٹرائل کے بغیر فیصلہ معلوم ہوتا ہے۔درخواست میں بتایا گیا کہ تفتیشی افسر کی جانب سے 31 مئی کو درخواست گزاران کو طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے، اس کمپلینٹ اور طلبی کے نوٹسز کا مقصد درخواست گزران کو ہراساں کرنا ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت شکایت اور طلبی کے نوٹسز کو کالعدم قرار دے، درخواست کے زیر سماعت ہونے تک فریقین کو درخواست گزاران کو گرفتار کرنے یا ہراساں کرنے سے روکا جائے۔واضح رہے کہ یکم جون کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے متنازع ویڈیو اپلوڈ کرنے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کے مزید 3 رہنماؤں کو نوٹس جاری کردیے تھے۔نوٹس میں کہا گیا کہ اشتعال انگیزی سے عوام کو قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.