اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ اس حساس علاقے میں داخل ہونے والے تمام افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
اہم شاہراہوں خصوصاً مری روڈ، پر قائم ہوٹلوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ان کے باہر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔مزید برآں، فیض آباد پل پر رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں موجود ہیں، جبکہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے ممکنہ راستوں پر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے اہلکار مشترکہ طور پر سیکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔اسی دوران اسلام سرینا ہوٹل کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جہاں سیکیورٹی حکام نے ریڈ زون کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات کا مقصد امن و امان کو یقینی بنانا اور غیر ملکی مہمانوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔