پاکستان کی امن کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا، جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہی مسائل کا پائیدار حل ہیں: چوہدری افتخار احمد برسہ
اسلام آباد( آن لائن )قومی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سرگرم شخصیات نے حکومتِ پاکستان کی امن پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے خطے میں استحکام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔قومی امن فورس کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے سرپرست اعلیٰ و چیئرمین چوہدری افتخار احمد برسہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے امن کے قیام کے لیے شبانہ روز مخلصانہ کاوشیں کی ہیں، جن پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خطے میں امن کے لیے عملی کردار اور دنیا کے بیشتر ممالک کی جانب سے ان کوششوں کو سراہا جانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی برادری جنگ نہیں بلکہ امن کی خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا مستقل حل نہیں، بلکہ مذاکرات اور افہام و تفہیم ہی پائیدار امن کی بنیاد بنتے ہیں۔
چوہدری افتخار احمد برسہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن کے فروغ کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم وزیراعظم، حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کے امن وڑن کے ساتھ کھڑی ہے۔