بنگلادیش نے تاریخی شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کردیا

راولپنڈی (آن لائن)راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 6 وکٹوں شکست دے کر وائٹ واش کردیا اور پہلی بار سیریز اپنے نام کرلی۔بنگلا دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر سیریز میں دو صفر سے وائٹ واش کیا، پاکستان کرکٹ ٹیم تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی سرزمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔حال ہی میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین۔صفر سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر اس کو وائٹ واش کیا تھا۔دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستانی بولر 185 ہدف کے دفاع میں ناکام ر ہے، بنگلا دیش نے دونوں میچز باآسانی جیتے، دوسرے ٹیسٹ میں 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔خیال رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے گرین شرٹس کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا اس سے قبل پاکستان ٹیم ناقابلِ شکست تھی

۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آج فیصلہ کن دن ہے، بارش اور خراب روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا تھا اور آج مہمان ٹیم نے اپنی اننگز 42 رنز سے آگے بڑھائی۔بنگلہ دیش کے اوپنرز نے اننگز کا آغاز کیا تو 16 رنز کے اضافے کے بعد 58 کے اسکور پر بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ گرگئی، بنگلہ دیشی بیٹر ذاکر حسن 40 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔اس کے بعد بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان 70 کے اسکور پر اٹھانا پڑا جب شادمان اسلام 24 رنز بناکر خرم شہزاد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شانتو اور مؤمن الحق نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا اور کھانے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 122 تک پہنچادیا۔122 رنز پر کپتان نجم الحسن شانتو 38 رنز بناکر ہمت ہار بیٹھے اور ٹیم کا اسکور 153 تک پہنچا تو مومن الحق بھی 34 رنز بناکر اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔اس کے بعد مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے اننگز کو سنبھالا اور 32 کی شراکت داری قائم کرکے میچ جتوادیا، مشفق الرحیم 22 اور شکیب الحسن 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، ابرار احمد، سلمان علی آغا اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس طرح بنگلہ دیش نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کردی، سیریز میں 2-0 سے فتح اپنے نام کرلی۔

Comments are closed.