ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ آئندہ سال نومبرمیں پاکستان میں کھیلا جائے گا

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈکرکٹ لمیٹڈکے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی بلائنڈکرکٹ کونسل نے آئندہ سال پاکستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ کپ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بدھ کولندن سے براہ راست خبررساں ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ آئندہ سال نومبرمیں پاکستان میں کھیلا جائے گا جس میں شرکت کیلئے بھارت نے یقین دہانی کرادی ہے۔انہوں نے کہاکہ میری بھارتی بلائنڈکرکٹ کونسل کے نومنتخب جنرل سیکرٹری شیلندر اور چیئرمین مہانتیش جی کے ساتھ لندن میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات کے دوران کھیلوں کے امور پر گفتگوکی گئی ۔انہوں نے کہاکہ نومبر2024 میں ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ کپ پاکستان میں کھیلا جائے گاجس میں 7 یا 8 ممالک کی ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی آفیشلز کو کہا ہے کہ انہیں پاکستان کی طرف سے ویزے کا کوئی ایشو نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان کھیل اور سیاست کوالگ رکھتا ہے ۔سید سلطان شاہ نے کہا کہ بھارت میں گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو بھارت کی جانب سے ویزہ نہ دینے پر ان کے ساتھ گلے شکوے کئے جس پر بھارتی حکام نے کہاکہ آئندہ اس طرح کا کوئی ایشو نہیں ہوگا۔ملاقات کے دوران بھارتی حکام نے کہاکہ ہم دبئی میں رواں سال دسمبرمیں بلائنڈکرکٹ کا ایونٹ منعقد کرنا چاہتے ہیں جس میں 3 سے 4 ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔اس حوالے سے سید سلطان شاہ نے کہاکہ اس ایونٹ میں پاکستان بلائنڈکرکٹ ٹیم شرکت کرے گی۔ سید سلطان شاہ نے کہاکہ لندن میں بلائنڈکرکٹ کے فروغ اوربہتری کیلئے دیگر حکام کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں بلائنڈکرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات کرنے پر غوروخوض کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ برمنگھم میں انٹرنیشنل بلائنڈسپورٹس فیڈریشن کے صدرالگررحیموو سے بھی ملاقات ہوئی جس میں بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان بینائی سے محروم کھلاڑیوں کے کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Comments are closed.