321 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 260 رنز ہی بناسکی،پاکستان کی جانب سے خوشدل شال 69 اور بابر اعظم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے،کیویز کی جانب سے وِل او رورکی اور کپتان مچل سینٹنر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
نیوزی لینڈ کی جانب سے د ول ینگ 107 ، گلین فلپس نے 61 رنز کی اننگز کھیلی ،پاکستان کی جانب سے حارث رف اور نسیم شاہ نے دو، دو، ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی
ٹام لیتھم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا، ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ آج دبئی میں بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا
نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں رہنے کیلئے اگلے دونوں میچز جیتنا لازمی ایک بھی میچ ہارنے پر قومی ٹیم پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوجائے گی
کراچی (آن لائن) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اپنے پہلے امتحان میں ناکام ہوگئی، نیوزی لینڈ نے قومی ٹیم کو 60 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، بڑے ٹورنامنٹ میں رہنے کیلئے اگلے دونوں میچز جیتنا لازمی ایک بھی میچ ہارنے کی صورت میں قومی ٹیم پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوجائے گی،ٹام لیتھم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا، ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ آج دبئی میں بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا ۔کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے کیویز کو بیٹنگ کی دعوت دی مگر یہ فیصلہ ان کے لئے کارگر ثابت نہ ہوا ۔
میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں رہا، پاکستان کو پہلی کامیابی اسپنر ابرار احمد نے دلائی اور 39 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنانے والے ڈیون کونوے کو کلین بولڈ کردیا۔اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف ایک رن پر وکٹوں کے پیچھے کپتان رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ کرواکے پویلین بھیج دیا۔اس کے بعد 73 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، ڈیرل مچل 10 رنز بناکر حارث روٴف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ابتدائی 3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد کیوی بیٹنگ لائن سنبھل گئی، ول یونگ اور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ول یونگ ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیل کر آوٴٹ ہوئے۔بعد ازاں، ٹام لیتھم نے بھی اپنی شاندار سینچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، وہ 103 گیندوں پر 115 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے۔گلین فلپس نے بھی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی
، انہوں نے 38 گیندوں پر 61 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔قومی ٹیم کی جانب سے حارث روٴف اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ محمد ابرار نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس طرح نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دے دیا۔نیوزی لینڈ کے 321 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا دھچکا فخرزمان کی صورت میں لگا جو فیلڈنگ کے دوران انجری کی وجہ سے میدان سے باہر چلیگئے تھے اور قانون کے مطابق ابتدائی 20 منٹ تک بیٹنگ نہیں کرسکتے تھے۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور انتہائی سست روی سے اسکور بورڈ کو آگے بڑھاتے رہے، فخرزمان کی غیر موجودگی میں سعود شکیل نے بابراعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔
سعود شکیل 19 گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد آوٴٹ ہوئے جس کے بعد کپتان محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 14 گیندوں پر صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ 69 رنز پر گری، فخر زمان بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور وہ 41 گیندوں پر صرف 24 رنز ہی بناسکے، جس کے بعد سلمان علی آغا نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ 28 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آوٴٹ ہوگئے۔ان کے بعد آنے والے طیب طاہر بھی جلد ہی وکٹ گنوا بیٹھے اور ایک رن پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد میچ کے آغاز سے ہی سست بیٹنگ کرنے والے بابراعظم آوٴٹ ہونے تک مشکل میں دکھائی دیے، انہوں نے نصف سنچری تو اسکور کی لیکن اپنی ٹیم کو مشکلات سے نہیں نکال سکے۔بابراعظم بھی 153 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے
، وہ گیندوں پر 71 کے اسٹرائیک ریٹ سے 64 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔پاکستان کی ساتویں وکٹ 200 رنز پر گری، شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے، ان کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی خوشدل شاہ تھے جنہوں نے میچ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، خوشدل نے 49 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔دریں اثنا، پاکستانی بلے باز فخر زمان میچ کی ابتدا میں ہی فیلڈنگ کے دوران گر کر انجری کا شکار ہوگئے۔فخر زمان فیلڈنگ کے دوران پٹھوں میں کھنچاوٴ کا شکار ہوئے، پاکستانی اوپنر کچھ دیر بعد فیلڈ پر آئے لیکن پھر واپس چلے گئے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے پٹھوں میں کھنچاوٴ کی جانچ کی جا رہی ہے، ان کی حالت کے بارے میں مزید معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔#/s#
Comments are closed.