پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش سے بچ گیا

کرائسٹ چرچ(آن لائن) پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف پانچواں ٹی ٹونٹی 42 رنز سے جیت لیا تاہم سیریز 1-4 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 135 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اوپننگ بیٹر آج بھی کوئی خاطر خواہ پرفارمنس نہیں دکھا سکے۔ڈیبیو کرنے والے اوپنر حسیب اللہ تیسری گیند پر صفر پر آوٹ ہوگئے، بابر اعظم 13، فخر زمان 33، محمد رضوان 38، محمد نواز 1 اور افتخار 5 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔ پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی 1، صاحبزادہ فرحان 19 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ عباس آفریدی 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔پاکستان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 134رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوتھی، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن اور ایش سوڈھی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بعدازاں ہدف کا تعاقب پاکستانی بولرز نے نیوزی لینڈ کے لیے خاصا مشکل بنا دیا اور پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز ہی بنا سکی۔ میچ میں نیوزی لینڈ کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی نہ جاسکے اور سب سے زیادہ 26 رنز گلین فلپس نے بنائے۔ پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 3، شاہین آفریدی اور محمد نواز نے دو دو جبکہ زمان خان اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم میں اس میچ کے لیے صائم ایوب، حارث روف اور وسیم جونیئر کو آرام دیا گیا تھا جبکہ عباس آفریدی اور اسامہ میر کی واپسی ہوئی تھی۔

Comments are closed.