پنجاب پولیس کے 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی پر تعینات کردیئے گئے

لاہور(آن لائن) ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات 2024 کے پر امن انعقاد کیلئے پنجاب پولیس نے تیاریاں مکمل کرتے ہوئے 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی پر تعینات کردیئے۔ اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں آج ڈیوٹی پوائنٹس سنبھال لیں گی، پنجاب پولیس کے01 لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کیلئے 32 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے اور انتخابی عمل کو سبوتاژ پر بلا تفریق کارروائی ہوگی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ 5 ہزار 577 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس اور کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات ہوں گی، ملک دشمن و شر پسند عناصر کو روکنے کیلئے بارڈر چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری ہے، پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، صوبائی، ریجنل، ڈویژنل اور سی پی او کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی کلوز مانیٹرنگ کی جاری ہے۔بتایا جارہا ہے کہ پنجاب میں پولنگ ڈے پر پولیس کو کسی بھی غیرقانونی حرکت پر فوری کارروائی کی ہدایت دے دی گئی، پرانی دشمنی والے حساس حلقوں کے افراد سے شیورٹی بانڈز لیے جائیں گے، حساس علاقوں کے پولنگ سٹیشنوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی، انتخابی عمل اور پولنگ ڈے پر امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر ایکشن ہو گا، غفلت پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔

Comments are closed.