امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد (آن لائن) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پشین اور قلعہ سیف اللہ کے علاقے میں دھماکوں کی رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم نے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے پر عزم ہیں۔قبل ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پشین میں خانو زئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اوردھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔،وزیر اعظم نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان سے ان واقعات کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا ، حکومت عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے پر عزم ہے۔

Comments are closed.