ایوان بالا میں اپوزیشن اراکین کا انتخابات میں دھاندلی کے خلاف شدید احتجاج
اسلام آباد(آن لائن)ایوان بالا میں اپوزیشن اراکین کا انتخابات میں دھاندلی کے خلاف شدید احتجاج ،چیرمین سینیٹ ڈائس کا گھیراؤ کر لیا ،اپوزیشن اراکین کی جانب سے ایوان بالا میں پلے کارڈ لہرائے گئے۔سوموار کے روز سینیٹ اجلاس کے آغاز میں تحریک انصاف کے اراکین اپنی نشستوں پر احتجاجاً کھڑے ہوگئے اور عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف احتجاج شروع کردیا اس موقع پر اپوزیشن اراکین نے چیرمین سینیٹ ہاؤس کا گھیراؤ کر لیا اور الیکشن نامنظور کے نعرے لگائے اور پلے کارڈ لہرائے اس موقع پر چیرمین سینیٹ اپوزیشن خواتین سمیت دیگر سینیٹرز کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کا کہتے رہے اس موقع پر سینیٹر سعدیہ عباسی نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ کیا ہورہا ہے
انہوں نے کہاکہ اس ایوان کا احترام ہونا چاہیے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ملک میں مہنگائی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اس حوالے سے ایوان میں بحث ہونی چاہیے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہاکہ انتخابات میں آئین کی شدید خلاف ورزیاں کی گئی ہیں اس وقت پورے ملک میں احتجاج ہورہا ہے بلوچستان بند ہے سندھ اور خیبر پختونخوا میں مسائل ہے اگر تمام معاملات صرف ایک صوبے کیلئے ہیں تو باقی تین صوبوں میں تو کسی کا بھی مینڈیٹ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ کمشنر پنڈی نے جو کہا ہے اس سے صو بے میں انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھے ہیں انہوں نے کہاکہ اس ملک کا سب سے اہم معاملہ انتخابات ہیں مگر اس کو کوئی اہمیت نہیں دی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ اگر ہومیو پیتھک طریقے سے معاملات چلائے جائیں تو اس سے بہت زیادہ نقصان ہوگا انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی ایسے ہی مسائل کی وجہ سے ملک دولخت ہوچکا ہے انہوں نے ہمارے پاس آدھا ملک بچا ہے ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہیے انہوں نے کہاکہ ہمارے مینڈیٹ کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ہے اس سے پہلے اس طرح کا الیکشن نہیں دیکھا ہے انہوں نے کہاکہ جیتے ہوئے امیدوار یہ کہہ رہے کہ ہم نہیں جیتے ہیں اگر وہ یہ کہہ رہے ہیں تو اس انتخابات کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے انہوں نے کہاکہ اگر اسی طرح سے انتخابات کرانے ہیں تو اس سبز کتاب میں تبدیلی کردیں پھر ہم اس پر اعتراض نہیں کریں گے اس موقع پر چیرمین سینیٹ نے کہاکہ انتخابات کے معاملے پر بحث کیلئے پورا دن مختص کر لیتے ہیں۔۔۔۔۔اعجاز خان
Comments are closed.