جناح ہاوس حملے کیس: علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور(آن لائن)لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاوس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خانم و عظمی خانم کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاوس حملہ کیس میں علیمہ خانم اور عظمی خانم کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے ایڈمن جج محمد نوید اقبال نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور عظمی خانم عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے علیمہ خانم اور عظمی خانم کی عبوری ضمانت میں 12 مارچ تک توسیع کر دی۔لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں عظمی خانم اور علیمہ خانم نے پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کو ڈانٹ پلا دی۔بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی اس موقع پر کمرہ عدالت میں مسرت جمشید چیمہ سے گفتگو ہوئی، مسرت جمشید چیمہ نے مقدمات اور روپوشی کے دوران تکالیف سے آگاہ کیا۔جس پر علیمہ خان نے انہیں ڈانٹتے ہوئے کہا کہ جب بھائی کو ضرورت تھی تو آپ لوگ چھپے ہوئے تھے، پارٹی پر مشکل وقت تھا تو آپ نے پریس کانفرنس کی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ضرورت تھی تب آپ ساتھ چھوڑ گئیں، حالانکہ آپ بانی پی ٹی آئی کے سب سے قریب ترین تصور کی جاتی تھیں۔علیمہ خان نے کہا کہ آج آپ مجھے مجبوریاں سنا رہی ہیں، سیاستداں تو جیل کے بغیر نامکمل تصور کیے جاتے ہیں۔مسرت جمشید چیمہ علیمہ خان کی باتیں سن کر خاموش ہو گئیں تاہم ان کے چہرے سے غصہ چھلکتا نظر آرہا تھا ۔
Comments are closed.