تمام نو منتخب اراکین قومی اسمبلی کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت
اسلام آباد ( آ ن لائن ) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے تمام نو منتخب لیگی اراکین کواسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس رواں ہفتے ہی ہوگا جس میں اراکین حلف اٹھائیں گے، سابق سپیکر ایاز صادق اور چیف وہپ آفتاب شیخ نے نو منتخب اراکین سے رابطے کیے ہیں، نو منتخب اراکین کی بڑی تعداد کو پارلیمنٹ لاجز میں سرکاری رہائش گاہ الاٹ کردی گئی۔بتایا گیا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد قائد ایوان کا انتخاب ہوگا، اتحادی جماعتوں کی جانب سے نامزد وزیراعظم اور صدر ن لیگ شہبازشریف بھی رواں ہفتے اسلام آباد پہنچ جائیں گے
، وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر قائد ن لیگ نوازشریف کی آمد بھی ایوان میں متوقع ہے۔اتحادی جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم کے لیے نامزد امیدوار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی اورمعاشی استحکام کے لیے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے نہ تھی، ملک سے غربت، بے روزگاری اور جہالت کے خاتمے کے لیے مل کرجدوجہد کرنا ہوگی، سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام اور پْرامن فضاء بے حد اہمیت کی حامل ہے، پاکستان تب ہی خوشحال ہوگا جب اس کی تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی، تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے، پہلے بھی معاشی ترقی،استحکام کی روشن مثال قائم کی، اب بھی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، زندہ قومیں چیلنجزاورمشکلات کا سامنا جرآت اور محنت سے کرتی ہیں، متحد ہوکر آگے بڑھیں گے اور مسائل حل کریں گے، میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کوخوشحالی وترقی کی راہ پرگامزن کریں گے۔
Comments are closed.