وفاق میں حکومت سازی کا معاملہ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں حتمی مشاورت کے بعد مجوزہ شیڈول تیار

اسلام آباد ( آن لائن )وفاق میں حکومت سازی کیلئے دو بڑی اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت کے بعد مجوزہ شیڈول تیار کرلیاگیا،(ن) لیگ کی جانب سے سردارایاز صادق اتحادی حکومت کی طرف سے سپیکر کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے پیپلز پارٹی اپنا نام دے گی ۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاوٴس میں اسحاق ڈار کے چیمبر میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کے سینئررہنماؤں پیپلز پارٹی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں مشاورت سے حکومت سازی کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیاگیا جبکہ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی طے کرلی گئی ۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق اتحادی حکومت کی طرف سے سپیکر کے منصب کیلئے مضبوط امیدوار ہونگے جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے پیپلزپارٹی اپنانام دے گی ،اجلاس میں پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی مشاورت سے ایاز صادق کے نام پر اتفاق کرلیاگیا ہے ۔ اس وقت ن لیگ اور اتحادیوں کو 200 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

ذرائع کا مزیدکہنا تھاکہ مجوزہ شیڈول کے مطابق 29 فروری کو نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے ،سپیکر راجہ پرویز اشرف حلف لیں گے۔یکم مارچ کو اجلاس نہیں ہوگا سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے جبکہ دو مارچ کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔تین مارچ کو اجلاس نہیں ہوگا تاہم وزیراعظم کے انتخاب کیلئے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ چار مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کرے گی اورنامزد وزیر اعظم شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہونگے۔

Comments are closed.