عدت نکاح کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں قابل سماعت قرار،مزید سماعت11 مارچ تک ملتوی
اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد کی سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ عدالت نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیلیں قابل سماعت قرار دے دیں جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ و دیگر وکلا پیش ہوئے، پراسیکیوٹر حسن رانا بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔وکیل صفائی سلمان اکرم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آج عدت میں نکاح کیس کے فیصلے پر ابتدائی دلائل طلب کر رکھے ہیں، پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 496 کے تحت عدت کا کیس چلایا گیا، سیکشن 496 بی بھی لگایا گیا تھا جو بعد میں حزف کردیا گیا، الزام لگایا گیا کہ خاور مانیکا نے نومبر 2017 میں بشریٰ بی بی کو طلاق دی، 48 دنوں بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا نکاح ہوا۔بانی پی ٹی آئی کا نکاح بشریٰ بی بی سے عدت کے دوران ہوا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر سیکشن 496 کے تحت فردجرم عائد کی گئی، سیکشن 496 کے مطابق یہ فراڈ شادی ہے جس میں 7 سال قید ہے۔
سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ عمران خان اور بشری بی بی کی شادی کی تقریب یکم جنوری 2018 کو لاہور میں ہوئی، شادی لاہور میں ہوئی تو اسلام آباد میں کیس کیسے دائر کردیا گیا؟ کیس کے دائرہ اختیار پر درخواست دائر کی لیکن اب تک سماعت نہیں ہوئی ہے۔وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے دفاع میں شواہد رکھنا چاہے لیکن عدالت نے حق سے محروم کردیا۔وکیل بشریٰ بی بی عثمان گِل ایڈووکیٹ نے کہ ٹرائل کورٹ نے کہا کہ ملزمان اپنے آپ کو معصوم ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔وکیل بانی پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ اپنے دفاع میں بانی پی ٹی آئی چند خاندان کے افراد کو سامنے لانا چاہتے تھے، جب نکاح لاہور میں ہوا تو کیس اسلام آباد میں قابل سماعت ہو ہی نہیں سکتا ، بشریٰ بی بی نے اپنے بیان میں بتایا کہ طلاق اپریل 2017 میں ہوئی، اپریل 2017 سے یکم جنوری 2018 تک 8 ماہ کا دورانیہ بنتا ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق 39 دن بعد نکاح ہوسکتا ہے۔سلمان اکرم راجا نے عدالت کے سامنے سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ کے سنایا، انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کا نکاح تقریباً 70 روز کے بعد ہوا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اگر خاتون نے عدت مکمل ہونے کا بیان دے دیا تو مانا جائیگا، شریعت کے قوانین کے مطابق ایسے ذاتی معاملات کو ہمیشہ ذاتی رکھنا چاہیے، دوران عدت نکاح جیسے کیسز میں سیاسی انتقام لینے کے لیے عدالت کا کندھا استعمال کیاگیا، ہم بہت گر گئے ہیں، ہم لوگ کسی شخص کے بیڈروم تک پہنچ گئے ہیں۔وکیل صفائی سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ معاشرے میں شائستگی قائم رہنی چاہیے، ایسے کیسز نہیں دائر ہونے چاہیے، عدت میں نکاح کیس کے اثرات بیرون ملک تک گئے ہیں، بشریٰ بی بی نے کہا عدت مکمل کرنے کے بعد وہ اپنی والدہ کے گھر چلی گئی تھی، خاورمانیکا نے بھی میڈیا پر بشریٰ بی بی کے دینی خاتون ہونے کا اعتراف کیاہے،انہوں نے بتایا کہ تقریباً 6 سال بعد خاورمانیکا نے بشریٰ بی بی ، بانی پی ٹی آئی کے خلاف شکائت دائر کی۔بعد ازاں عدالت نے عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں قابل سماعت قراردیتے ہوئے کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی ۔
Comments are closed.