بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 4 مارچ سے ہوگا

ڈھاکہ( آن لائن )بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 4 مارچ کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔میچ بنگلہ دیش کے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکن ٹیم اپنے دورہ بنگلہ دیش کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی ،تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ٹی ٹونٹی سیریز میں میزبان بنگلہ دیشی ٹیم کو نجم الحسین شانٹولیڈ کریں گے جبکہ آئی لینڈرز کو وینندو ہسرنگا لیڈ کریں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 6مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، سلہٹ میں کھیلے جائیں گے۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 13 مارچ ، دوسرا 15 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 18 مارچ کو کھیلا جائے گا۔تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تینوں میچز ظہور احمد چودھری سٹیڈیم، چٹوگرام میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لئے دونوں ٹیمیں سلہٹ روانہ ہوں گی ، دوٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 سے 26 مارچ تک سلہٹ انٹرنیشنل سٹیڈیم ،سلہٹ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 30 مارچ سے 3 اپریل تک ظہور احمد چودھری سٹیڈیم، چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.