علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب، نوے ووٹ ملے ، مد مقابل ن لیگی امید وار عباداللہ سولہ ووٹ لے سکے

پشاور (آن لائن) خیبرپختونخوا اسمبلی نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوا

نومنتخب سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ کیلئے سنی اتحاد کونسل کے علی امین گنڈا پور کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عباد اللہ خان سے ہوا،قائد ایوان کیلئے دونوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادیئے۔ علی امین گنڈاپور نے نوے ووٹ حاصل کئے جبکہ مسلم لیگ ن کے ڈاکٹرعباداللہ نے 16ووٹ لئے۔ وزیراعلی منتخب ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں چاہتے، نہیں چاہتے کہ جو آج ہمارے ساتھ ہوا،کل کسی اور کیساتھ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزاد حیثیت میں وزیراعلیٰ بننے کا دکھ ہے، ایسا نظام چاہتا ہوں کہ کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے، اگر نظام نہیں بدلیں گے تو عوام کل ہمارا گریبان پکڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ ظلم ہو۔ اور اس ظلم کے خلاف احتجاج بھی نہیں کر نے دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جائے ۔ انکا جرم صرف اتنا ہے کہ انہوں نے بیرونی مداخلت کے خلاف آوازاٹھائی ۔

Comments are closed.