صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کردیا گیا
اسلام آباد( آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کردیا گیا۔الوداعی گارڈ آف آنر پیش کرنے کی پروقار تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔اس موقع پر صدر علوی نے الوداعی گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور ایوان صدر کے اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی۔صدر نے اپنے سیکرٹری اور سٹاف سے الوداعی ملاقاتیں بھی کیں اور تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔صدر مملکت عارف علوی نے عملے سمیت دیگرشخصیات سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور دورِ صدارت میں بھرپور تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔الوداعی گارڈ آف آنر کی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔ بعد ازاں صدر عارف علوی ایوان صدر سے اپنے اہل خانہ لے ساتھ رخصت ہوگئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر عارف علوی نے 9 ستمبر 2018 کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا ۔ ڈاکٹر عارف علوی 1949 میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کراچی میں مکمل کی ڈی مونٹمورنسی کالج آف ڈینٹسٹری، لاہور سے بیچلر آف ڈینٹل سرجری (BDS) کیا انہیں ڈی مونٹمورنسی کالج آف ڈینٹسٹری، لاہور کا "بہترین گریجویٹ” قرار دیا گیا اس کے بعد یونیورسٹی آف مشی گن (1975) سے پروسٹوڈانٹکس کے شعبے میں میں ماسٹرز مکمل کرنے کے ساتھ یونیورسٹی آف پیسیفک، سان فرانسسکو (1982) سے آرتھوڈانٹکس میں سائنس میں ماسٹرز بھی مکمل کیا۔
انہیں ‘ڈپلومیٹک امریکن بورڈ آف آرتھوڈونٹس (1995)’ فیلوشپ سے نوازا گیا۔ڈاکٹر عارف علوی معروف پروفیشنل رہے ہیں جبکہ دندان سازی کے شعبے میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہنے کے علاوہ آرتھوڈانٹکس کے ڈین، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف پاکستان کے صدر بھی رہے۔ڈاکٹر عارف علوی پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن (1997-2001) کے صدر، پاکستان ایسوسی ایشن آف آرتھوڈانٹس (2005)، کے صدر بھی رہے ۔ڈاکٹر عارف علوی کے سیاسی کیریئر کے آغاز کا ذکر کیا جائے تو وہ جنرل ایوب خان کی آمریت کے خلاف جدوجہد سے شروع ہوا1996 میں وجود میں آنے والی پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی رہے ۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر (1997-2001) کے عہدوں پر فائز رہے ہیں ڈاکٹر عارف علوی مرکزی نائب صدر (2001-2006) اور سیکرٹری جنرل (2006-2013)کے عہدوں پر فائز رہے۔صدر کا باوقار عہدہ سنبھالنے سے پہلے ڈاکٹر عارف علوی نے پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیاتھاپارٹی کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے ڈاکٹر عارف علوی نے سیاست میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف کرایاڈاکٹر عارف علوی نے انٹرا پارٹی الیکشن (2012-2013) کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ۔ پارٹی کے لاکھوں ارکان کو انتخابی عمل میں ڈیجیٹل طور پر حصہ لینے کے قابل بنایا۔ 2013 اور 2018 میں کراچی سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے ای وی ایم، ووٹروں کی ڈیجیٹل شناخت اور سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ کی ذیلی کمیٹی کی بھی صدارت کی تعلیم اور صحت کے شعبوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کی جائے تو ڈاکٹر عارف علوی شادی شدہ ہیں اور ان کے چار بچے ہیں۔واضح رہے کہ نئے صدر مملکت کا انتخاب آج ہوگا جس کے لیے حکومتی اتحاد کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے محمود خان اچکزئی امیدوار ہیں۔یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی نے ستمبر 2018 کو صدر پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا اور ان کے عہدے کی 5 سالہ آئینی مدت گزشتہ سال ستمبر میں مکمل ہوچکی تھی۔ملک میں نگران سیٹ اپ ہونے کے باعث عارف علوی صدر پاکستان کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے، تاہم آئین کے مطابق الیکشن ہونے کے ایک ماہ تک صدر مملکت اپنے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں۔
Comments are closed.