ڈی آئی خان اور تربت میں سکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 8دہشت گردجہنم واصل
راولپنڈی(آن لائن)خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ بلوچستان کے علاقے تربت میں نیول بیس پر حملہ ناکام بنا دیا گیا ،فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں میں مصطفی، قسمت اللہ اور اسلام الدین شامل ہیں۔ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جبکہ مرنے والے ملک دشمن دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
سکیورٹی فورسز نے تربت میں نیول بیس پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں واقع پاکستان نیول بیس پر مسلح دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے بروقت موثر جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاسی شہید ہوگیا، فرنٹیر کور کے 24 سالہ نعمان فرید کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تربت نیول ایئر بیس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت موثر کارروائی سے دہشت گرد جہنم واصل ہوئے اور ہم ایک بڑے نقصان سے بچ گئے، ہم دہشت گردی کی عفریت کو کچلنے کیلئے پر عزم ہیں۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
Comments are closed.