جو قوم زیور تعلیم سے آراستہ نہیں ہوتی وہ ترقی نہیں کر سکتی ، وزیر اعظم
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو قوم زیور تعلیم سے آراستہ نہیں ہوتی وہ ترقی نہیں کر سکتی، تعلیم کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں گے، ملک بھی میں نادار اور یتیم بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے دانش سکولوں کا جال بچھائیں گے ۔ دانش سکولوں سے تعلیم یافتہ بچے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دانش سکول سائٹ کے معائنہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔انہوں نے کہا میرے لئے یہ بہت خوشی کا دن کہ قوم کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے دانش سکول کی وہ کاوش جو نواز شریف کے دور میں پنجاب سے شروع ہوئی اس کے ذریعے بہت سے والدین سے محروم بچے تعلیم حاصل کر کے دنیا بھر میں اپنی صلا حیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولز کے آغاز پر ہمیں تنقید کے نشتر کا سامنا کرنا پڑا ۔ تاہم تنقید کی پراواہ کئے بغیر ہم نے اپنا مشن جاری رکھا ،۔
دانش سکول یتیم بچوں کے لئے سہارا بنا۔ آج ان سکولوں کے تعلیم یافتہ بچے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہزاروں بچے آج دانش سکولوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کیا صرف امرا کے بچوں کا حق ہے ۔ کیا صرف اشرافیہ کے بچے روٹس جیسے مہنگے اور اچھے سکولوں سے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں ۔ کیا غریب کے بچے کا حق نہیں کہ وہ بھی روٹس اور ہیڈ سٹارٹ جیسے سکولوں سے اچھی تعلیم حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے آ غاز پر جب مجھ سے زمین کی الاٹمنٹ پر سوال اٹھائے گئے تو میرا کہنا تھا کہ ہم ہاوسنگ سو سائیٹیوں کے لئے زمینیں الاٹ کر سکتے ہیں تو سکولوں کے لئے کیوں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی دانش سکول بنا نے جارہے ہیں ۔ گلگت بلتستان ، آزادکشمیر سمیت ملک کے چارو ں صوبوں میں دانش سکولوں کا جال بچھایا جائیگا ۔ دانش سکولز میں جد ید آئی ٹی اور ووکیشنل ٹریننگ کی تعلیم دلوائیں گے ۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی قیادت میں ہم نے پنجاب بھر میں دو لاکھ سے اساتذہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے ۔ ہم نے طلبہ کے ہاتھوں میں کلاشنکوف نہیں لیپ ٹاپس تھمائے ۔ انہوں نے کہا اسلام آباد کے قرب و جوار میں رہنے والے بچوں پر بھی تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے ۔ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کریں گے ۔ اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلی سے مل کر تعلیم کے فروغ میں حصہ ڈالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم زیور تعلیم سے آراستہ نہیں ہوتی وہ ترقی نہیں کر سکی ۔ ہم نے ہنگامی بنیادوں پر تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔
Comments are closed.