پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا۔ لہذا ملک بھر میں عید الفطر 1445 ہجری 10 اپریل بروز بدھ کو ہو گی
اسلام آباد :پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، لہذا ملک بھر میں عید الفطر 1445 ہجری 10 اپریل بروز بدھ کو ہو گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کراچی، فیصل آباد، دیر، سکردو، کوہلو، مردان، سمیت مختلف علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔اجلاس میں مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی 25 شہادتیں موصول ہوئیں، مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں ان شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے اجلاس میں مفتی محمد اسحٰق ساقی الازہری، مولانا محمدعارف سیالوی، مولانا شفیق احمد پسروری اور دیگر علما شریک ہوئے۔اجلاس میں تکنیکی معاونت ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب شاہد عباس نے کی۔پشاور میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، شہر میں موسم ابر آلود رہا۔شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا اجلاس بھی ہوا، اجلاس کی صدارت خطیب بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی نے کی۔اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی، محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، کوہلو، لورالائی، ڑوب اور جیونی میں چاند نظر آنے کی اطلاعات سامنے ائیں۔کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔زونل کمیٹی کراچی کے سربراہ حافظ محمد سلفی نے کہا کہ کمیٹی کو اب تک چاند نظر نہیں آیا، دیکھنے کی کوشش جاری ہے، رویت کی صورت میں مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کراچی سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات نے بھی عید کے چاند سے متعلق پیشن گوئی کی تھی کہ پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے اور عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے جب کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوچکی ہے، اسی لیے ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات ہیں کیوں کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔واضح رہے کہ پاکستان میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی گئیں، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہوئے، رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوا، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوئے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا اور بتایا کہ مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی لہذا مملکت مین رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر آج 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
Comments are closed.