محاز آرائی سے جمہوریت کمزور ہوگی،مولانا نام بتائیں اسمبلی کس نے بیچی،فیصل کریم کنڈی

اسلام آ باد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ محاز آرائی سے جمہوریت کمزور ہوگی،مولانا فضل الرحمان نام بتائیں کس نے اسمبلی بیچی اور کس نے خریدی ، عوام نے مولانا فضل الرحمٰن کو مسترد کیا ہے تو وہ اس کا بدلہ جمہوریت سے نہ لیں،مولانا فضل الرحمٰن کے بیان سے عوام کی تذلیل ہوئی، خیبرپختونخوا میں مولانا کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے تو وہاں سیٹیں پی ٹی آئی کو ملیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماء پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے ان پرعدم اعتماد کا اظہار کیا۔ باجوڑ کے لوگوں نے پی ٹی آئی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ضمنی الیکشن میں کسی بھی جماعت نے بھی دھاندلی سے متعلق آواز نہیں اٹھائی۔اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں ضمنی الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے۔

اصل میں ضمنی الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کے روئیے کو ٹھکرا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ باجے بجانے کا فورم نہیں وہاں باجے بجا کر پارلیمنٹ کی تذلیل کی گئی ہے پی ٹی آئی والے ایسی حرکتیں کر کے عوام کی خدمت نہیں کر رہے۔ خیبرپختونخوا میں معاشی مسائل تشویشناک ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق آرڈر جاری کیا، ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لیا جائے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لینے سے پھر انکار کیاہے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ حلف لینا وزیراعلیٰ کا نہیں بلکہ سپیکر کا کام ہوتاہے۔ وزیراعلیٰ سپیکر سے غیرقانونی اور غیرآئینی کام کرانا چا ہتے ہیں۔ مخصوص نشستیں کسی کی جاگیر نہیں ہوتیں۔ حلف برداری ہونی ہے اورآپ کو کسی صورت مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور عوام کی فلاح و بہبود پر کام کریں۔ حکومت عوام کو سستا آٹا ضرور دے لیکن کسانوں کو گندم کی مقرر قیمت دے۔حکومت کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدے۔

Comments are closed.