لاپتا شاعر احمد فرہاد کا سراغ مل گیا‘ پولیس نے گرفتاری ظاہر کردی
اسلام آباد( آن لائن ) 15 روز بعد اسلام آباد سے لاپتہ شاعر اور صحافی احمد فرہاد لاپتہ کا پتہ چل ہی گیا۔وفاقی حکومت نے گرفتاری ظاہر کر دی۔بدھ کے روز شاعر احمد فرہاد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔احمد فرہار کی اہلیہ جانب سے ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل پیش ہوئے۔دوران سماعت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا کہ احمد فرہاد گرفتار اور آزاد کشمیر پولیس کی تحویل میں ہیں۔اٹارنی جنرل نے تھانہ دھیر کوٹ آزاد کشمیر کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کر دی۔کیس کی سماعت کے دوران شاعر کی وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ روسٹرم پر آ ئیں اور موٴقف اپنایا کہ ایک اور شہری لاپتا ہوا جس کی چار دن بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ آپ کی انفارمیشن کیا ہے؟ ایمان مزاری نے کہا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹس کر رہا تھا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اس معاملے کو دیکھ لیں، عدالت نے کہا کہ ابھی میں کچھ نہیں کہ رہا صرف آپ کو انفارم کر دیا ہے کہ اس کو دیکھ لیں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کسی کی ایجنسیوں سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ قانون کے مطابق کام کریں۔وزیر قانون نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بھی اپنا رول ادا کرنا چاہیے، جسٹس محسن کیانی نے کہا کہ ہم نے کچھ سوالات اٹھائے تھے جن کے جواب آنا باقی ہیں۔عدالت نے کہا کہ سننے میں آیا کہ پیمرا نے عدالتی کاروائی کو ٹی وی پر دکھانے پر پابندی لگائی ہے، وزیر قانون نے کہا کہ سر وہ الگ معاملہ ہے جو یہاں زیر سماعت نہیں۔عدالت عالیہ نے تھانہ دیھر کوٹ آزاد کشمیر سے شاعر احمد فرہاد کو بازیاب کرنے کی ہدایت کردی۔
Comments are closed.