آج کے حالات کا سنہ 71 کے حالات سے موازنہ نہیں بنتااور نہ ہی عمران خان شیخ مجیب ہیں،علی محمدخان

اسلا م آباد( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہمارا نقطہ سیاسی ہے اور آج کے حالات کا سنہ 71 کے حالات سے کوئی موازنہ نہیں بنتا اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی شیخ مجیب الرحمان ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں، ہم ملک کی سب سے بڑی جماعت ہیں جس سے انتخابی نشان چھین کر جمہوریت پر حملہ کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اربوں روپے اگر چرائے گئے تو نیب ترمیم کیس مفاد عامہ کا کیس ہے جس کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے تھی، بتایا نہیں گیا کہ کیس کی لائیو اسٹریم کیوں نہیں ہوگی ؟۔نیب ترمیم کیس بہت اہم ہے اس کی لائیو اسٹریم کی اجازت نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔بانی پی ٹی آئی کا حق ہے کہ وہ انصاف کیلئے جتنے مرضی دلائل دیں۔موجودہ حالات کا سنہ 1971 کے حالات سے موازنہ نہ کیا جائے اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی شیخ مجیب الرحمان ہیں۔ اس معاملے پر ہمارا نقطہ سیاسی ہے۔

Comments are closed.