معافی مانگنا گناہ نہیں، لیکن اس کے لئے غلطی ہوتی ہے، نہ غلط کام کیا نہ معافی مانگوں گا ، فیصل ووڈا

اسلام آباد (آن لائن)سینیٹر فیصل ووڈا نے کہا ہے کہ معافی مانگنا گناہ نہیں، لیکن اس کے لئے غلطی ہوتی ہے ۔ نہ غلط کام کیا نہ معافی مانگوں گا ۔ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ کوئی عدالتی توہین نہیں کی‘ عدالت میں موقف پیش کیا ہے کہ اگر میری کوئی غلطی تھی تو معافی مانگتا ہوں ۔ سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ووڈا نے کہا معافی مانگنا گناہ نہیں، لیکن اس کے لئے غلطی ہوتی ہے ۔ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا نہ ہی معافی مانگوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عدالت میں پیش ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔

میری پریس کانفرنس میں زیا دہ تر حصہ مخصوص ججز کے خلاف ہے ۔ میں نے خط بھیجا اس کا جواب نہیں آیا۔ میں نے پورے میڈیا میں جو بات کی وہ سامنے ہے۔ گمان کا کہوں یا میں یقین کا کہوں یہ میری مرضی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں مصطفی کمال نے کہا میری پریس کانفرنس میں توہین عدالت کی کوئی بات نہیں تھی ۔ عدالت میں موقف پیش کیا ہے کہ اگر میری کوئی بات غلط تھی تو معافی مانگتا ہوں ۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ کی آج کی کارروائی کو مثبت سمجھتا ہوں ‘ میں نے عدالت کے حوالے سے روف حسن جیسے کوئی جملے نہیں ادا کئے نہ ہی کبھی ججز کے خلاف احتجاج کے دوران ہونے والی نعرے بازی کے جملے ادا کئے ۔ انہوں نے کہا قر آن میں واضح لکھا ہے کہ سود کے نظام کو رائج کرنے والے اللہ سے جنگ کر رہے ہیں ۔ میری پریس کانفرنس کا اگر متن نکال کر دیکھا جائے تو اس میں بھی میں نے یہی کہا تھا ۔ صرف اتنا کہا تھا کہ ججز ہمارے لئے محترم ہیں لیکن اللہ سے جنگ کر نے والوں کے خلاف لڑنا ہمارے لئے ججوں سے زیادہ معتبر ہے ۔ اس کے باوجود میں نے سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگی ہے ۔

Comments are closed.