آرمی چیف کا عید الاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ ، اگلے مورچوں پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ عید منائی

حاجی پیر، راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عید الاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی بھر پور حمائت جاری رکھے گا جبکہ بھارت کی کسی بھی جا رحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے عید الاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل عاصم منیر نے افسران و جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں شہدا کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور جوانوں کی لگن، بلند حوصلے اور مادر وطن کے لیے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوانوں کے لیے گھروں سے دور محاذ پر عید باعث فخر ہے اور اپنے گھر والوں سے دور وطن کی حفاظت کے فرض کی ادائیگی زیادہ اہم ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے، جبکہ بھارتی انتخابات کے بعد کشمیریوں پر ظلم و ستم میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے، لیکن بھارت کے سیاسی مقاصد کے لیے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جارہے ہیں، تاہم کوئی بھی جارحیت ہوئی تو قوم کی حمایت سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Comments are closed.