پیپلز پارٹی کے ن لیگ سے تحفظات صرف یہ ہیں تحریری معاہدے پر عمل کیا جائے ، یوسف رضا گیلانی

ملتان(آن لائن)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ن لیگ سے تحفظات صرف یہ ہیں کہ تحریری معاہدے پر عمل کیا جائے ، بلاول بھٹو بھی حکومت سازی کے وقت کئے گئے تحریری معاہدے پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کے متعلق پیپلزپارٹی سے مشاورت نہیں کی اس لئے بجٹ کے حوالے سے ہمارے تحفظات ہیں۔حکومت نے جب تحریری معاہدہ کیا تھا تو اس وقت ہمیں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں ہمارا حصہ دیا جائیگا لیکن حکومت اپنے معاہدوں سے انحراف کر رہی ہے اور پنجاب میں ہم وہ سپیس نہیں دی جا رہی جو ہمارا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مکمل تعاون کر رہے ہیں اور جو معاہدہ کیا گیا تھا اس پر پوری طرح عمل کر رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کے ساتھ اجنبی نظر آئیں گے۔فضل الرحمان جب یہاں آتے ہیں وہ ہمارے فیملی ممبر لگتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو ملتان کا سمجھتے ہیں وہ ہمارے دوست ہیں۔

مولانافضل الرحمان سے پرانے مراسم ہیں ان سے برادرانہ تعلقات ہیں۔مولانا فضل الرحمان کے گلے شکوے دورکرنے کی کوشش کریں گے۔میں سمجھتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمان تحریک انصاف کے ساتھ احتجاج میں شریک نہیں ہونگے۔مولانا حکومتی اتحادکیلئے فیملی رکن جیسے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کا گفتگو کے دوران یہ بھی کہنا تھا کہ بجٹ میں مہنگائی سے متعلق عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ کوشش ہے بجٹ میں ضرورت مندوں کو ریلیف دیا جائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء رانا ثناء اللہ کابھی کہنا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کا پی ٹی آئی سے اشتراک ہوا تو اپوزیشن کی سیاست پر انتشار غالب نہیں آئے گا۔انہوں نے کہاتھا کہ اپوزیشن اتحاد میں مولانافضل الرحمان کی مصالحت اور جمہوریت پسندی غالب آئے گی۔رانا ثناء اللہ نے مزید کہا تھاکہ اپوزیشن نے الیکشن کے نتائج کو تسلیم کر لیا ہے اسی لئے پارلیمنٹ میں موجود ہیں، دھاندلی کا شور صرف کمپنی کی مشہوری کیلئے ہے۔

Comments are closed.