فلسطین صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ عقیدے، نظریئے اور ایمان کا مسئلہ ہے،حافظ سعد حسین رضوی

لاہور (آن لائن) سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ عقیدے، نظریئے اور ایمان کا مسئلہ ہے۔ فلسطینیوں کی کامیابی پوری امت کی کامیابی ہے، یہ لڑائی، جہاد مسجد اقصیٰ، قرآن کی حفاظت کیلئے ہے۔ فلسطینیوں کی شکست یہودیوں اور صیہونیوں کی کامیابی ہوگی۔مرکز سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی کی جانب سے جس ظلم و ستم اور وحشیانہ کاروائیوں کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اس پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی سے ثابت ہوتا ہے کہ دنیا میں امریکی بیانیہ کس حد تک مضبوط ہے۔اہل فلسطین کے لیے مغربی اسٹیبلشمنٹ کا تعصب پسندانہ رویہ سراسر ناانصافی اور ظلم پر مبنی ہے۔فلسطینی عوام پوری امت کی لڑائی لڑ رہے ہیں،فلسطینی ارض مقدس کے دفاع کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں، حافظ سعد رضوی کا مزید کہنا تھا کہ ا ہل فلسطین عملی مدد کے لیے امت مسلمہ اور خصوصی طور پر پاکستانی حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں ،مسئلہ فلسطین پرحکمران ،سیاسی قیادت محض بیانات دینے سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے ،سیاسی قیادتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ فلسطین کو بچانے کی جد جہد میں شریک ہوجائیں۔ جلد حکمرانوں کے مردہ ضمیر وں کو جھنجھوڑنے اورمظلوم فلسطینیوں کی حقیقی معنوں میں توانا آواز بنے کیلئے اہل پاکستان کو کال دینگے۔

Comments are closed.