ہمیں عام آدمی کے ریلیف کے لیے آگے بڑھنا ہوگااور کسان کو مضبوط کرنا ہوگا‘ آصفہ بھٹو
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کیا پاکستان کے لوگ اس عوام دشمن بجٹ کے مستحق ہیں،ہمیں عام آدمی کے ریلیف کے لیے آگے بڑھنا ہوگااور کسان کو مضبوط کرنا ہوگا۔رکن قومی اسمبلی نوشین افتخارنے کہا کہ یہ پارلیمنٹ ہے لیکن تین ماہ سے اسے اپوزیشن نے سرکس بنایا ہوا ہے‘کل یہاں اسد قیصر نے چوڑیاں پہننے کی بات کی، میں ان کیلئے بھی لے آئی ہوں۔طارق حسین نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ بیٹھنا ہوگا۔قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے آصفہ بھٹوزرداری نے کہا کہ بجٹ کی ترجیحات میں کسان، عام آدمی کو ریلیف فراہم ہونا چاہیے تھا، کیا پاکستان کے لوگ اس عوام دشمن بجٹ کے مستحق ہیں، ہمیں عام آدمی کے ریلیف کے لیے آگے بڑھنا ہوگا
ہمیں کسان کو مضبوط کرنا ہوگا۔پی پی رہنما نے کہا کہ کسان کو کبھی سیلاب، گندم درآمد کرنے کا مسئلہ ہے، ہمیں ملک کے غریب سے غریب شیری کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، ہمیں پاکستان اور قوم کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ سیدہ نوشین افتخارکا کہنا تھا کہ یہ پارلیمنٹ ہے لیکن گزشتہ تین ماہ سے اسے اپوزیشن نے سرکس بنایا ہوا ہے‘یہاں جو بھی کمزوری کے لیے تشبیہ دیتا ہے عورت کا نام لیتا ہیُکل یہاں اسد قیصر نے چوڑیاں پہننے کی بات کی، میں بازار گئی اور چوڑیاں خریدیں جو کئی سال سے نہیں پہنی تھیں‘ اپنے لیے چوڑیاں لیں تو اسد قیصر کے لیے بھی لے کر آئی ہوں۔نوشین افتخار نے اسد قیصر کے لیے لائی گئی چوڑیاں پارلیمنٹ میں دکھا دیں اور کہا کہ یہ فارم 45اور 47کی باتیں کرتے ہیں‘کیا یہ 2018کا الیکشن بھول گئے‘کیا یہ ڈسک کا الیکشن بھول گئے جب بیلٹ باکس غائب کیے تھے، یہ اعزاز بھی پی ٹی آئی کو حاصل ہوا۔طارق حسین نے کہا کہ ہم لوگ ان ڈائریکٹ ٹیکس پر پورا بجٹ بنا دیتے ہیں، حالات ایسے ہوگئے کہ 15 سے 20 ہزار والا گزارہ نہیں کرسکتا، کھانے پینے کی اشیاء پر ٹیکس لگانے جارہے ہیں، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ طارق حسین کا کہنا تھا کہ وفاق ہم سب کا ہے، تھر کے لیے کوئی اسکیم نہیں رکھی گئی ہے، خوش آئند بات ہے سی پیک پر تمام سیاسی جماعتیں ساتھ بیٹھی ہیں، چارٹر آف اکانومی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ بیٹھنا ہوگا۔
Comments are closed.