الیکشن کمیشن کی حمایت،جے یوآئی اور پی ٹی آئی آمنے سامنے
اسلام آباد (آن لائن)مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی حمایت یا مخالفت کے موضوع پر جے یوآئی اور پی ٹی آئی آمنے سامنے آگئے ہیں۔سپریم کورٹ میں جمعیت علماء اسلام نے انتخابات اور مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کے مؤقف کو درست قرار دیتے ہوئے اسکی حمایت کردی ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کاکہنا ہے کہ جے یو آئی کی طرف سے الیکشن کمیشن کے موقف کی حمایت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جے یو آئی کے وکیل کامران مرتضیٰ نے بیان دیا کہ ان کی جماعت اس کیس میں الیکشن کمیشن کے مؤقف کو اختیار کر رہی ہے اور اسی مؤقف کی حامی ہے۔
جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ یعنی آپ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے بالکل ٹھیک کام کیا ہے؟ جس پر کامران مرتضیٰ نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ جی ہاں، الیکشن کمیشن نے بالکل ٹھیک کام کیا ہے۔ اس موقع پر جسٹس منیب اختر نے مولانا فضل الرحمان کی نیوز کانفرنس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کل ٹی وی پر ایک پریس کانفرنس چل رہی تھی، آپ کا مؤقف تو اس سے بالکل مختلف ہے۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کی الیکشن کمیشن کی حمایت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جے یو آئی سے انتخابی دھاندلی روکنے اور آزاد عدلیہ سے متعلق دو نکاتی ایجنڈے پر بات ہو رہی ہے۔
Comments are closed.