پہلا ونڈے انٹرنیشنل، پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی
ہمبنٹوٹا( آن لائن)پاکستان اور افغانستان کے مابین ونڈے انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی اور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے ، میچ میں باؤلرز چھائے رہے ،فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ 18رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، پاکستان کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19.2 اوورز میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی،افغانستان کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، رحمان اللہ گرباز 18، عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بناسکے،اس سے قبل پاکستان کی ٹیم 47 اوورز میں 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور افغانستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا،سیریز کا دوسرا میچ 24 اگست ہمبنٹوٹا اور تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے بلے بازوں نے مایوس کن آغاز کیا اور پہلی وکٹ فخر زمان کی صورت میں صرف 3 رنز پر گری اور وہ 2 رنز بنا پائے۔
کپتان بابراعظم بھی اننگز کے دوسرے اوور میں صفر پر مجیب الرحمٰن کی وکٹ بن گئے تو قومی ٹیم دباوٴ کا شکار ہوئی۔محمد رضوان نے امام الحق کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھایا لیکن مجیب الرحمٰن کے سامنے وہ بھی زیادہ مزاحمت نہیں کرسکے اور جب پاکستان کا اسکور 40 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ وہ پویلین سدھار گئے۔وکٹ کیپر بلے باز نے 22 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔آغا سلمان کو راشد خان نے نشانہ بنایا، جنہوں نے 7 رنز بنائے تھے اور یوں 62 کے اسکور پر پاکستان کی 4 وکٹیں گر گئیں۔افتخار احمد ایک مشکل وقت میں ٹیم کو سنبھالنے میدان میں آئے اور امید بندھائی لیکن زیادہ پائیدار نہیں ہوئی تاہم انہوں نے 41 گیندوں کا سامنا کرکے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کو پانچواں نقصان 27 ویں اوور کے اختتام پر 112 کے اسکور پر ہوا۔امام الحق نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 36 ویں اوور کی آخری گیند پر آوٴٹ ہوگئے اور 94 گیندوں پر 61 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اسامہ میر آوٴٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جنہیں مجیب الرحمٰن نے اپنی تیسری وکٹ بنائی جبکہ پاکستان کا اسکور 160 رنز تھا۔آٹھویں بلے باز شاہین شاہ آفریدی کی وکٹیں راشد خان نے اڑائیں اور ان کی اننگز بھی 2 رنز تک محدود رہی۔شاداب خان نے ٹیم کا اسکور 200 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور 50 گیندوں پر 39 رنز بنا کر رن آوٴٹ ہوگئے۔پاکستان کی آخری وکٹ 48 ویں اوور کی پہلی گیند پر 201 رنز پر گری جب حارث روٴف ایک رن بنا کر رحمت شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے افغانستان کو مقررہ 50 اوورز میں جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا۔نسیم شاہ 27 گیندوں پر 2 چوکون کی مدد سے 18 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نبی اور راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، فضل حق فاروقی اور رحمت شاہ نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔پاکستانی باوٴلرز نے بلے بازوں کے برعکس شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے اوور میں یکے بعد دیگرے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کرکے میچ میں ٹیم کی واپسی کی امید دلائی۔شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے اوور کی چوتھی گیند پر ابراہیم زدران کو آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ کرایا، اس وقت افغانستان کا اسکور 3 رنز تھا۔افغانستان کو اگلی گیند پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب شاہین کی گیند پر ایک مرتبہ پھر آغا سلمان نے کیچ لیا اور اس دفعہ پہلی گیند کا سامنا کرنے والے رحمت شاہ تھے، جنہیں کھاتہ کھولنے کی مہلت بھی نہیں ملی۔دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے بھی نپی تلی باوٴلنگ جاری رکھی اور چوتھے اوور کی تیسری گیند پر افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی کو آوٴٹ کیا، شاداب خان نے ایک شان دار کیچ تھام کر وکٹ یقینی بنائی۔افغانستان کی 3 وکٹوں صرف 4 رنز پر گر گئی تھیں، جس کے بعد حارث روٴف باوٴلنگ کے لیے آئے اور 4 رنز بنا کر کھیلنے والے اکرام علی خیل کو محمد رضوان کا کیچ بنایا۔حارث روٴف نے خطرناک بلے باز رحمٰن اللہ گرباز کو 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر نشانہ بنایا تو افغانستان کی ٹیم آسان ہدف کے تعاقب میں 35 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔افغانستان کو 16 ویں اوور میں ایک اور نقصان برداشت کرنا پڑا جب حارث روٴف نے اپنی تیسری وکٹ کے لیے تجربہ کار بلے باز محمد نبی کو آوٴٹ کیا، جنہوں نے 7 رنز بنائے تھے۔
حارث روٴف نے 48 کے ہی اسکور پر راشد خان کی وکٹیں اڑائیں اور افغانستان کے ساتویں بلے باز کو آوٴٹ کیا۔ دیگر آنے والے کھلاڑی بھی پاکستانی باؤلنگ ک کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور افغانستان کی ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 142 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ 18رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔سیریز کا دوسرا میچ 24 اگست ہمبنٹوٹا اور تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔۔ #/s#
Comments are closed.