میانوالی پولیس کا اسلام آباد پولیس کے ہمراہ عمرایوب کے گھر چھاپہ مارا،گرفتار نہ ہو سکے

اسلام آباد( آن لائن ) میانوالی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر کے گھر چھاپہ مارا تاہم عمر ایوب گھر پر نہ ہونے کے باعث گرفتار نا ہو سکے۔پولیس نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ایف 10 والی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔واضح رہے کہ پولیس کو عمر ایوب انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں مطلوب ہیں، سرگودھا انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب کے وارنٹ جاری کیے۔دوسری جانب، عمر ایوب خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اے ٹی سی سرگودھا کی جانب سے میرے خلاف قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس پر اسلام آباد اور میانوالی پولیس نے میرے گھر چھاپہ مارا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار وفاقی اور صوبائی حکومت ایجنسیوں کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنا چاہتی ہیں، واضح کر دوں بانی پی ٹی آئی کے وزیراعظم بننے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ادھر عمر ایوب نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت میری گرفتاری کے لیے بے تاب ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت نے میرے وارنٹ جاری کیے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں واقع میرے گھر پر اسلام آباد اور میانوالی پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ فارم 47 والی وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ایجنسیاں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کے لیے بہت بے چین ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ وہ بلا شبہ ثابت کریں گے کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.