شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کا تبادلہ،2دہشتگرد ہلاک،کیپٹن اسامہ شہید
راولپنڈی(آن لائن)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشتگرد ہلاک جبکہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد وطن عزیزپر قربان ہوگئے۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ‘فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہیدہوئے۔ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کا پتہ چلانے کیلیے سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں ۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے ۔شہید ہونے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے اکتوبر 2020 میں پاکستان آرمی کی این ایل ائی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی عمر 24 سال ہے جنہوں نے 4 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ انجام دیا ۔ شہید کے سوگواران میں والد، والدہ، ایک بھائی اور چار بہنیں شامل ہیں۔
Comments are closed.