وزیرِاعظم نے ملکی برآمدات 60 ارب ڈالر سالانہ پر پہنچانے کا ہدف دے دیا

اسلام آباد (آن لائن) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات 30 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں، وزارتِ تجارت اور متعلقہ ادارے آئندہ 3 برس میں برآمدات کا 60 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ اسلام آباد میں وزیرِاعظم کی زیر صدارت قومی ترقیِ برآمدات بورڈ کا اجلاس ہوا ۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت انفارمیشن ٹیکنالوجی برآمدات 3 اعشاریہ 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جو خوش آئند امر ہے، برآمد کندگان کے نشاندہی کردہ مسائل کو آئندہ 2 ہفتے میں حل کرکے رپورٹ پیش کی جائے، وزارت تجارت برآمدات کی استعداد رکھنے والے شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر پالیسی تجاویز کو حتمی شکل دے، ہر ڈیڑھ ماہ بعد قومی ترقیِ برآمدات بورڈ کے اجلاس کی بذاتِ خود صدارت کروں گا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو محنت کرنا ہے، مشکل حالات کے باوجود پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنے والی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو سلام پیش کرتے ہیں

، زرعی برآمدات میں مزید اضافے کے لیے وزارت قومی غذائی تحفظ صوبوں کے ساتھ مل کر ایکسٹینشن سروسز کی بہتری کے لیے کام کرے، معیاری بیج اور زرعی اجناس کی مزید پراسیسنگ کرکے ان کی برآمد یقینی بنائی جائے اور زرعی اجناس کی زیادہ پیداوار والی اقسام کو متعارف کرانے کے لیے اقدامات کو تیز کیا جائے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ برآمدات کے شپنگ کے حوالے سے مسائل کو فوری حل کرکے یورپ اور امریکہ کے لیے پاکستانی سامان کی ترسیل کا دورانیہ کم کیا جائے، وزارت تجارت سرمایہ کاری بورڈ سے چینی برآمدی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے تعاون یقینی بنائے اور پاکستانی اشیا کی برآمدات میں اضافے اور ان کی منفرد پہچان بنانے کے لیے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، جدت اور برانڈ ڈویلپمنٹ پر کام کیا جائے۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے برآمد کندگان کے ریفنڈز میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا، دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں ٹریڈ آفیسرز ان ممالک میں پاکستانی اشیا کی برآمد اور پاکستانی برآمد کندگان کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں، صنعتوں کے لیے بجلی کی لاگت کو کم کرنے کے لیے وزارت بجلی ایک جامع منصوبہ پیش کرے، دنیا بھر میں نجی شعبہ کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، نجی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے انہیں پالیسی کی تشکیل کے عمل کا حصہ بنایا جائے۔اجلاس میں برآمدی صنعتوں کے نمائندوں نے وزیرِاعظم کو مسائل کے حل کے لیے تسلسل سے ملاقاتوں پر خراجِ تحسین پیش کیا، برآمد کندگان نے وزیرِ اعظم کے برآمدی صنعت کو ایف بی آر کی جانب سے بروقت ریفنڈز کی فراہمی کے اقدام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وزیرِ اعظم کی برآمدی شعبے میں خصوصی دلچسپی صنعت کاروں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

Comments are closed.