امیر مقام نے پی ٹی آئی کی ’بھوک ہڑتال‘ کو’ ڈیلی ڈائٹ پلان‘ قرار دے دیا

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر وسیفران انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی کی ’بھوک ہڑتال‘ کو’ ڈیلی ڈائٹ پلان‘ قرار دے دیااور کہا ہے کہ دیسی مرغیاں کھانے والے چار گھنٹے کی بھوک ہڑتال سے انقلاب لانا چاہتے ہیں ، پی ٹی آئی کے ورکر بھی ہنس رہے ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دروازے پر ’بھوک ہڑتال ڈرامہ‘ کا سٹیج لگایاگیا ہے ، 3 سے 7 بجے کے شو میں مختلف فنکار اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں ْ چار سال قوم کا مال کھانے والے آج بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھوک ہڑتال نہ کریں پاکستان کے غریبوں کے 190 ملین پاوٴنڈ کا حساب دیں‘ بھوک ہڑتال نہ کریں لاکھوں ڈالر کی فارن فنڈنگ کا حساب دیں ۔بھوک ہڑتال نہ کریں، پاکستان میں مہنگائی 3.8 فی صد سے 30 فی صد پر لیجانے کا حساب دیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھوک ہڑتال نہ کریں ، پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے کیوں پہنچایا، اس کا جواب دیں ۔بھوک ہڑتال کرنے سے 9 مئی کے حملوں، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کے جرم چھپ نہیں سکتے۔

Comments are closed.