ویرات کوہلی کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے لازمی طور پر پاکستان آنا چاہیے:یونس خان

لاہور (آن لائن) قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ویرات کوہلی کے کیریئر میں پاکستانی ٹور کو لازمی قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2008 میں ایشیا کپ کیلیے پاکستان کا دورہ کیا تھا ، دونوں ممالک کے درمیان آخری باہمی سیریز 2013 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی، اس کے بعد وہ صرف ایشیائی یا آئی سی سی ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں۔اب آئندہ برس پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے مگر بھارت اس ٹور سے بھی جان چھڑانے کی کوشش میں ہے

،البتہ سابق پاکستانی کپتان یونس خان نے بھارت پر زور دیا کہ اسے یہ ٹور ضرور کرنا چاہیے، ایک نجی ٹی وی پروگرام میں انھوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے لازمی طور پر پاکستان آنا چاہیے۔یہ ہماری بھی خواہش ہے کہ وہ یہاں آکر پرفارم کریں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ واحد چیز ہے جو کوہلی کے کیریئر میں اب تک نہیں شامل ہوئی، انھوں نے پاکستان میں پرفارم نہیں کیا ہے۔یاد رہے کہ کوہلی نے پاکستان کے 2012-13 کے دورئہ بھارت کے دوران محدود اوورز کی باہمی سیریز کھیلی تھی، اس کے بعد وہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں گرین شرٹس کے خلاف بہتر پرفارم کرتے رہے تاہم کبھی پاکستان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، وہ جونیئر کرکٹر کے حیثیت سے ایک بار پاکستان آ چکے ہیں۔

Comments are closed.