سب سے کم تنخواہ اراکین پارلیمنٹ کی ہے،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس ملک میں کام کے اعتبار سے سب سے کم تنخواہ اراکین پارلیمنٹ کی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور اجلاس میں کئی اراکین پارلیمنٹ کے پاس سرکاری رہائش گاہ نہ ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ 20 سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے پاس رہائش گاہ موجود نہیں ہے۔ رکن پارلیمنٹ کی تنخواہ ایک لاکھ 70 ہزار تک ہے۔ اراکین پارلیمنٹ اپنے بجلی اور گیس کے بلز خود دیتے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بد قسمتی سے قانون سازی کی بجائے گلیاں نالیاں اور بجلی اراکین پارلیمنٹ کی ترجیح ہے۔ پارلیمنٹ کے نئے لاجز کا 80 فیصد کام مکمل ہے۔

قائمہ کمیٹی نے نئے لاجز پر دوبارہ کام شروع کرنے کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے مشاورت کی سفارش کر دی۔ سیکریٹری وزارتِ پارلیمانی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ فنانس بل میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے حوالیسے تبدیلیوں پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خودمختار ادارہ ہے۔ الیکشن کمیشن سے متعلقہ قانونی امور وزارتِ پارلیمانی امور کے پاس ہیں۔ رکن کمیٹی صاحبزادہ صبغت اللہ نے سوال کیا اراکین پارلیمنٹ کے لئے اسلام آباد میں دفاتر موجود نہیں ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا یو سیز جے چیئرمین کے دفتر کی صورتحال قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کے دفتر سے بہتر ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا پارلیمنٹ کے پاس مالی خودمختاری موجود ہے۔ پارلیمان میں سٹاف کی کمی نہیں ، سیاسی مقاصد کے لئے ملازمین بھرتی کئے گئے۔ 96 سینیٹرز کے لئے 1000 ملازمین موجود ہیں۔

Comments are closed.