آج اہم اجلاس میں احتجاجی تحریک اور دھرنے کا فیصلہ کرینگے‘عمر ایوب خان
سپریم کورٹ اپنے فیصلے کی توہین پر سو موٹو لے‘ میں اپنے وکلا سے کہوں گا سپریم کورٹ سے رجوع کریں‘اسدقیصر
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اینٹی کرپشن بھی جاگ گئی ،ہمارے ارکان روپوش ہورہے ہیں‘شیخ وقاص، مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے ممبران اسمبلی کے خلاف بڑھتے ہوئے حکومتی کریک ڈاؤن پر ملک گیر احتجاجی تحریک اور دھرنے کا اعلان کیا ہے،پارٹی کے سیکرٹری جنرل عمر ایون خان نے کہاہے کہ پیر کو ہونے والے اہم اجلاس میں احتجاجی تحریک اور دھرنے کا فیصلہ کیا جائے گا اور 5اگست کو بانی پی ٹی آئی کو قید میں ایک سال مکمل ہونے پر ان سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کریں گے۔دیگر رہنماؤں کے ہمراہ یہاں اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز کے ساتھ فارم 47 کی حکومت بد سلوکیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور خاص کر ایجنسیاں ہمارے لوگوں کو لاپتہ کر رہی ہیں‘کوئی پتہ نہیں ہوتا کہ ہمارے لوگوں کو کہاں غائب کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے رہنماؤں سمیت تمام ساتھیوں کے خلاف بوگس مقدمات درج کیے جا رہے ہیں،ہم اس فسطائیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ بانی چیئرمین نے آرمی چیف کو پیغام دیا تھا کہ موجودہ حکومت ہمیں اور فوج کو آمنے سامنے کرنا چاہ رہی ہے اس کا تمام تر نقصان ملک و قوم کو ہو گا انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو افواج کے ساتھ لڑانے کی سازش کرنا چاہتی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ فی الفور الیکشن کرائے جائیں کیونکہ شفاف انتخابات ہی ان تمام مسائل کا حل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آج ہم اگلے لائحہ عمل پر اجلاس کریں گے جس میں ڈی چوک پر دھرنے سمیت دیگر فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ اس وقت ہمارے لوگوں کے خلاف بری طرح سے کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں‘ اگر پارلیمنٹیرینز کی اس طرح تذلیل ہو گی تو پارلیمنٹ کی کیا حیثیت ہے میں سپریم کورٹ سے کہتا ہوں کہ ہمارے 41 ایم این ایز کو جماعت چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے‘سپریم کورٹ اپنے فیصلے کی توہین پر سو موٹو لے‘ میں اپنے وکلا سے کہوں گا سپریم کورٹ سے رجوع کریں کہ کیا یہ ملک اس طرح سے چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج کی میٹنگ میں ہم مظاہرہ کے حوالے سے فیصلے کریں گے اور 5 اگست کو پورے ملک میں بڑے مظاہرے کریں گے۔انہوں نے کہابانی پی ٹی آئی کو ایک سال قید میں 5اگست کو مکمل ہو جائے گا عوام کو کہتا ہوں مہنگائی اور بانی پی ٹی آئی کی غیر قانونی گرفتاری کیخلاف باہر نکلیں انہوں نے کہاکہ غریب آدمی کس طرح سے اس بڑھتی مہنگائی میں گزارا کریں گے ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بیٹھ گئی ہے‘ہم شہباز شریف اور اس کی بھتیجی کے رویے کی مذمت کرتے ہیں ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات کو ختم کیا جائے ہم اب ملک بھر میں دھرنے بھی دیں گے ہم تمام جماعتوں کو اپنے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ موجودہ حکومت جعلی اور بغیر مینڈیٹ کے ہم پر مسلط ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنمااوررکن اسمبلی شیخ وقاص نے کہاکہ ہمارے ساتھ بد سلوکی کرنے والے لوگوں سے پوچھتا ہوں کیا آپ اس قوم جوابدہ نہیں ہیں اورکیا ہمیشہ یہ حکومت قائم رہے گی؟ ان بیہودگیوں کے بعد اپنے بچوں کو کیسے منہ دکھاتے ہوں گے,خدارا اس ملک کو مزید تباہی کی جانب نہ دھکیلیں۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اینٹی کرپشن بھی جاگ گئی اینٹی کرپشن دس سال پرانے مقدمات بنا رہا ہے ہمارے رکن اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل پر مقدمات بنائے وہ روپوش ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں اور اراکین اسمبلی کا اسلام آباد سے اپنے حلقوں میں جانا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں جو ہو رہا ہے، اس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ملک کی اکانومی اور سیکیورٹی سسٹم تباہ ہو کر رہ گیا ہے،پاکستان تحریک انصاف اپنے ہر ورکر اور سیاستدان کے ساتھ کھڑی ہے،آنے والے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس پروڈکشن آرڈر کیلئے جائیں گے۔۔۔
Comments are closed.