پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے دی
ہمبنٹوٹا(آن لائن)افغانستان کا پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ جیتنے کا خواب پھر ادھورا رہ گیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے ہرادیا۔ افغانستان کے 301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم نے آخری اوور ہدف حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا جہاں فخر زمان اور امام الحق نے 52 رنز جوڑے، لیکن اس اسکور پر 30 رنز بنانے والے فخر زمان فضل حق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر اوپنر امام الحق کا ساتھ کپتان بابر اعظم دینے آئے اور دونوں نے 118 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنانے کی کوشش کی۔ 170 کے مجموعے پر بابر اعظم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے، تو افغانستان کے بولرز نے پاکستانی بیٹرز کو قابو کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔
محمد رضوان 2 رنز بنانے کے بعد 176 پر رن آوٴٹ ہوئے جبکہ انکے بعد آنے والے بلے باز سلمان علی آغا 14 رنز بنانے کے بعد محمد نبی کی گیند پر 208 رنز پر کیچ آوٴٹ ہوگئے۔ محمد نبی نے اسی اوور میں تجربے کیلیے اوپر بیٹنگ کرنے کیلیے آنے والے اسامہ میر کو کیچ آوٴٹ کروادیا۔دوسرے اینڈ پر موجود امام الحق 91 کے مجموعے پر پہنچے تو مجیب الرحمان کی گھومتی گیند کے جال میں پھنس کر کیچ آوٴٹ ہوگئے۔ یوں قومی ٹیم 211 کے مجموعے پر 6 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔اس سے قبل افغانستان نے اوپنرز رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران کی 227 رنز کی زبردست اوپننگ پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کو جیت کیلیے 301 رنز کا ہدف دیا۔
خیال رہے کہ افغانستان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف 300 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اس فیصلے کو اپنے کپتان کے لیے درست ثابت کردیا جہاں پاکستانی بولرز بیبس دکھائی دیے اور دونوں کے درمیان 227 رنز کی میراتھن شراکت قائم ہوگئی۔ ابراہیم زادران نے 80 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 151 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرز کے آوٴٹ ہونے کے باوجود تجربہ کار محمد نبی نے رنز بنانے کی اوسط برقرار رکھی اور اختتامی لمحات میں 29 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی
Comments are closed.