اسلام آباد ہائیکورٹ ،توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست کی سماعت پیر تک ملتوی

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کی 3 سال قید کی سزا معطلی سے متعلق درخواست کی سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل کی طبیعت ناسازی کے باعث پیش نہ ہونے پر پیر کے روز تک ملتوی کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا کیخلاف اپیل پرسماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق اورجسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دورکنی بینچ نے کی۔ ۔گزشتہ سماعت میں لطیف کھوسہ نے سزا معطلی،ضمانت کی اپیلوں پر دلائل د یئے تھے ،الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے جمعہ کو مزید دلائل دینے تھے تاہم وہ ’انتہائی بیمار‘ ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔معاون وکیل نے بتایا کہ امجد پرویز کی طبیعت انتہائی خراب ہیں، اسی لیے میں پیش ہورہا ہوں،

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ضمانت کا معاملہ چل رہا ہے، یہ غلط بات ہے۔معاون وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ایسے حالات تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتے ہیں، لطیف کھوسہ نے کہا کہ جی نہیں، ایسا کسی کے ساتھ نہیں ہوسکتا، میری کل طبیعت خراب تھی لیکن میں آیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ یہ انتہائی غلط اقدام ہیں، مجموعی طور پر دس منٹ کے دلائل دینے ہیں، لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ بھی سینئر وکیل ہیں اور وکالت نامہ بھی ہے، الیکشن کمیشن کے اپنے وکلا موجود ہیں۔لطیف کھوسہ نے چیف جسٹس سے مکالمہ کیا کہ ہم نے صرف معاونت کرنی ہے باقی آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، ایک شخص بیس دنوں سے اندر پڑا ہے۔عدالت نے کہا کہ جمعہ کو ڈویڑن بینچ نہیں ہوتا، ہم نے صرف اس کیس کے لیے سماعت رکھی، لطیف کھوسہ نے آپ نے جو کرنا ہے کریں، پھر میں آپ کی عدالت میں نہیں آوٴں گا۔

لطیف کھوسہ نے چیف جسٹس سے مکالمہ کیا کہ آپ سزا معطلی کے لیے تیار ہی نہیں، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہیں، یہ ایک جیل میں پڑے شخص کی زندگی کے تین دن مانگ رہے ہیں۔لطیف کھوسہ نے چیف جسٹس سے مکالمہ کیا کہ خدارا اس ادارے کو ایسا نہ بنائے کہ آپ کا ماتحت آپ کی بات نہ بنائے، چیف جسٹس نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے جو کیا غلط کیا، لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ اس کیس میں سقم موجود ہیں، آپ نے جو کرنا ہے کریں جو فیصلہ آپ نے کرنا ہے کریں۔اس کے ساتھ ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کردی۔یاد رہے سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس سے متعلق کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی کر رکھی ہے۔

Comments are closed.