وادی تیراہ میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک سی ایم ایچ پشاور میں شہید ہوگئے
راولپنڈی(آن لائن )وادی تیراہ میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک سی ایم ایچ پشاور میں جام شہادت نوش کر گئے۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک 9 اگست کو خیبر کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوئے تھے۔ خیبر کی وادی میں تین مختلف مقامات پر خوارج اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں اپنے دستے کی قیادت کرنے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے 4 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شدید زخمی ہوئے۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نیزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کی عمر 24 سال 8 ماہ تھی ‘لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے ‘ شہید نے 3 سال 7 ماہ تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا ۔لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔
Comments are closed.