بشری بی بی کے12مقدمات میں ضمانت کی درخواست مسترد

راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر1 کے جج ملک اعجاز آصف نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 498 ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیراوٴ جلاوٴ اور پولیس افسران و اہلکاروں پر حملوں کے 12 الگ الگ مقدمات کے جیل ٹرائل میں بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے پولیس کو ہدائیت کی ہے کہ ایک ہفتے میں اپنی پوزیشن واضح کرے کہ کیا درخواست گزار کو شامل تفتیش کرنا ہے یا اس کا ریمانڈ حاصل کرنا ہے عدالتی ریمارکس کے بعد بشریٰ بی بی نے درخواست ضمانت واپس لے لی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر سابق چیئرمین، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ غلام سرورخان، شیریں مزاری، زرتاج گل، کنول شوزب، صداقت عباسی، علی خان، سینیٹر شبلی فراز، سابق سینئر وزیر پنجاب راجہ بشارت، سینیٹر اعظم سواتی اور چوہدری ساجد سمیت تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اس موقع فیصل ملک ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ملزمان کے وکلا بھی موجود تھے سماعت کے آغاز پر دیگر ملزمان نے سابق چیئرمین کو دیکھ کر کمرہ عدالت میں نعرے بازی شروع کردی جس سے عدالت میں ہلڑ بازی اور دھکم پیل کا ماحول بن گیا اس موقع پر سابق چیئرمین کارکنوں کو بار بار خاموش رہنے کا اشارہ کرتے رہے اس موقع پر عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت خالی کرنے کی ہدایت کی تاہم شور شرابہ جاری رہنے پر عدالت نے کسی کاروائی کے بغیر سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی قبل ازیں عدالت نے بشریٰ بی بی کی 12 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر پولیس کو ہدائیت کی کہ سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش 7 روز میں مکمل کی جائے عدالت نے قرار دیا کہ ملزم جب اتنے سارے مقدمات میں گرفتار ہو تو تفتیش ضروری ہے یادرہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد راولپنڈی پولیس نے تھانہ آر اے بازار میں مقدمہ نمبر 708، تھانہ سٹی میں مقدمہ نمبر 563،تھانہ کینٹ میں مقدمہ نمبر 836، تھانہ ریس کورس میں 759، تھانہ نیو ٹاوٴن میں مقدمہ نمبر 2106، تھانہ صادق آباد میں مقدمہ نمبر 2076، تھانہ سول لائن میں مقدمہ نمبر 981، تھانہ وارث خان میں مقدمہ نمبر 914، تھانہ مورگاہ میں مقدمہ نمبر 397، تھانہ صدر واہ میں مقدمہ نمبر 744 اور تھانہ ٹیکسلا میں مقدمہ نمبر 940 درج کیا تھا ان مقدمات میں سابق چیئرمین کو 8 جنوری کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا

Comments are closed.