بیرون ملک سیاسی پناہ لینے کا رجحان، ویزا نوٹ گائیڈ لائنز تبدیل کر دی گئیں

اسلام آباد(آن لائن) بیرون ملک سیاسی پناہ لینے کے رجحان کے باعث ویزانوٹ گائیڈ لائنز تبدیل کر دی گئیں، ویزا نوٹ گائیڈلائنز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منظوری سیکرٹری خارجہ سائرس سجادقاضی نے جاری کیں،پاکستانیوں کے بیرون ملک سیاسی پناہ لینے کے بڑھتے ہوئے رحجان پر دفترخارجہ متحرک ہوگیا۔سیکرٹری خارجہ نے سیکرٹری سینیٹ اور قومی اسمبلی کو خط کے ذریعے فیصلے سے آگاہ کردیا۔قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ افسران کے اہلخانہ کو ویزہ کیلئے تعارفی خط کے اجراء پر پابندی عائد کردی گئی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سینیٹ و قومی اسمبلی سے رسمی درخواست پر نجی دورے کیلئے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ابتدائی نوٹ وربلز جاری ہوں گے جب کہ اہلخانہ کے سفر کیلئے رسمی معاہدہ کیاجائیگا کہ وہ اس ملک میں پناہ لیں گے اور نہ ہی ابتدائی خط کاغلط استعمال کریں گے۔

ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ پرائیویٹ پاسپورٹ والے فیملی ممبرز کیلئے خط کا اجراء بیان حلفی سے مشروط کردیا گیا۔ ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو درخواست کے بعد نوٹ وربل جاری کیا جائے گا۔ نوٹ وربل، تعارفی نوٹ اور خطوط لکھنے کیلئے پالیسی گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزارت داخلہ نے بیرون ملک پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔وزیر داخلہ کی جانب سے یہ بڑا فیصلہ ملکی سلامتی اور سیکیورٹی کے تناظر میں کیا گیا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی وزارت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی تھیں۔محسن نقوی کی ہدایت پر وفاقی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مراسلہ وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دیا گیا تھا۔وزارت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ایسے تمام پاکستانی جو کسی بھی بنیاد پر دوسرے ممالک میں پناہ لیں گے، ان کو پاسپورٹ نہیں ملے گا۔ ایسے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیئے جائیں گے اور ان کی دوبارہ تجدید بھی نہیں کی جائے گی۔

Comments are closed.