حکومت کمیونٹی کے تعاون کے بغیر جنگلی وسائل کا فروغ اور تحفظ نہیں کر سکتی،صدر زرداری

اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مون سون شجرکاری مہم صرف ایک موسمی اقدام نہیں بلکہ ملک کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کے قومی فریضے کا اہم پہلو ہے،درخت زندگی کی اساس ہیں، بڑھتے ماحولیاتی مسائل کے پیش ِنظر، شجرکاری کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے‘ حکومت کمیونٹی کے تعاون کے بغیر جنگلی وسائل کا فروغ اور تحفظ نہیں کر سکتی، شجرکاری کے فروغ کیلئے معاشرے کے مختلف طبقات کی شمولیت ناگزیر ہے۔ مون سون شجرکاری مہم کیلئے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم صرف ایک موسمی اقدام نہیں بلکہ ملک کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کے قومی فریضے کا اہم پہلو ہے۔انہوں نے کہا کہ درخت زندگی کی اساس ہیں،

بڑھتے ماحولیاتی مسائل کے پیش ِنظر، شجرکاری کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے بھی درخت لگانے کی ترغیب دی ہے، پاکستان کے کل رقبہ کا صرف 5 فیصدحصہ جنگلات سے ڈھکا ہے جبکہ لکڑی کی بڑھتی مانگ اور دیگر زمینی استعمالات کے باعث جنگلات پر شدید دباؤ ہے۔صدر نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم ماحول پر دیرپا اثر ڈالنے، نوجوان نسل کیلئے ایک سرسبز اور صحت مند مستقبل محفوظ بنانے کا موقع ہے، جنگلات کا فروغ پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اپ اسکیلڈ گرین پاکستان پروگرام’ کے تحت بڑے پیمانے پر پودے لگانے کا ہدف حاصل کیا گیا، اسے بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا، ڈیلٹا بلیو کاربن اقدام کے تحت، پاکستان نے 1990 سے مینگرووز کے رقبے میں 300 فیصد اضافہ کرکے مینگرووز بحالی میں کامیابی حاصل کی۔موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے، عالمی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹس کی تجارت سے 27 ملین ڈالر بھی کمائے گئے۔صدر نے کہا کہ ‘دی لیونگ انڈس پروگرام’ کا مقصد جنگلات کی کٹائی روکنا ہے

، لیونگ انڈس ڈیلٹا پروگرام کو اقوام ِمتحدہ دہائی کی بحالی کا فلیگ شپ ایوارڈ ملا ہے۔صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کمیونٹی کے تعاون کے بغیر جنگلی وسائل کا فروغ اور تحفظ نہیں کر سکتی، شجرکاری کے فروغ کیلئے معاشرے کے مختلف طبقات کی شمولیت ناگزیر ہے، مجھے امید ہے کہ عوام اس نیک کام میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے،ہماری نوجوان نسل موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں جنگلات کے کردار کی اہمیت سے آگاہ ہو، ہم اس اہم مشن کو آگے بڑھانے کے لیے استعداد ِ کار بڑھانے، تعلیم اور جدت کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، صدر نے تاکید کی کہ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان مون سون شجرکاری مہم 2024ء میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک میں جنگلات کے فروغ کا قومی مقصد حاصل کیا جا سکے گا۔

Comments are closed.