پہلی 20 ٹیسٹ اننگز میں زیادہ رنز، سعود شکیل نے بڑا ملکی ریکارڈ توڑ دیا
لاہور ( آن لائن) بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے 20 ٹیسٹ اننگز کے بعد پاکستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ کر تاریخ کی کتابوں میں اپنا نام لکھوا لیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی اننگز کے دوران سعود شکیل نے سعید احمد کے پاس موجود سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو نوجوان بیٹر کے بین الاقوامی کیریئر میں ایک قابل ذکر سنگ میل ہے۔سعود شکیل جو بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگز میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اب صرف 20 ٹیسٹ اننگز میں 1,108 رنز بنا چکے ہیں۔
یہ ناقابل یقین کارنامہ 65.17 کی متاثر کن اوسط سے سامنے آیا ہے جس نے کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں اس کی مستقل مزاجی اور قابل اعتمادی کو اجاگر کیا ہے۔انہوں نے جو ریکارڈ توڑا وہ اس سے قبل سعید احمد کے پاس تھا، جنہوں نے اپنی پہلی 20 ٹیسٹ اننگز میں 54.37 کی اوسط سے 1,033 رنز بنائے جو کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک قائم رہا۔اس کامیابی نے سعود شکیل کو پاکستانی بلے بازوں کے ایک ایلیٹ گروپ میں جگہ دی جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا ایک موٴثر آغاز کیا۔ سعید احمد کے ساتھ اس فہرست میں جاوید میانداد، عبداللہ شفیق اور صادق محمد جیسے لیجنڈز بھی شامل ہیں۔
Comments are closed.