علیمہ خان اورروٴف حسن کے درمیان واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا
اسلام آباد (آن لائن)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل روٴف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ،تحریک انصاف ذرائع کے مطابق 23 جون 2023 ء کو بذریعہ واٹس ایپ پیغام میں علیمہ خان نے روٴف حسن کو بشریٰ بی بی سے منسوب ایک پیغام بھیجاہے جس میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات اور رونے کے واقعہ کی روداد بیان کی گئی علیمہ خان نے اس پیغام پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے روٴف حسن کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ بشریٰ بی بی کا یہ پیغام احمقانہ ہے، بشریٰ بی بی کا یہ ڈس انفارمیشن سیل لوگوں کو اکسا رہا ہے،علیمہ خان نے روٴف حسن کو خاص ہدایات دیں کہ اس پیغام کی تشہیر نہ کی جائے، بانی پی ٹی آئی کی ایسی کوئی بات بشریٰ بی بی سے نہیں ہوئی،علیمہ خان نے بشریٰ بی بی سے منسوب جو پیغام روٴف حسن کو بھیجا اس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے احوال کا حوالہ دیا گیا ،بشریٰ بی بی کے پیغام میں کہا گیا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ انہیں اکیلا ملنے نہیں دیا گیا
،پیغام میں بانی پی ٹی آئی اور جیلر کے درمیان فرضی گفتگو کو بنیاد بنا کربانی پی ٹی آئی کی موت کا پروپیگینڈا کرنے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ مجھے (بانی پی ٹی آئی) کو پتہ ہے کہ تم (جیلر) پر مجھے مارنے کیلئے دباوٴ ڈالا جارہا ہے،اگرمجھے (بانی پی ٹی آئی)ماراگیا تو عوام تمہیں (جیلر) کو نہیں چھوڑیں گے،پی ٹی آئی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بشری ٰ بی بی سے منسوب پیغام میں آرمی چیف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ”میں (بانی پی ٹی آئی)جانتا ہوں کہ میری یہ ساری باتیں عاصم منیر اس وقت سن رہا ہے“۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق علیمہ خان کے روٴف حسن کو بھیجے گئے یہ پیغامات کئی سوالات کو جنم دے رہے ہیں ،علیمہ خان بشریٰ بی بی کے اِن پیغامات کو آخرکیوں ڈس انفارمیشن قرار دے رہی ہیں؟سوال یہ بھی ہے کہ کیا بشریٰ بی بی کی جانب سے پھیلائے جانیوالے بیانیے ان کے خود ساختہ ہیں؟سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے میں یہ گفتگو یہ ثابت کرتی ہے کے کیسے بشری بی بی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر جھوٹا اور من گھڑت بیانیہ پھیلا رہی ہے، بشری ٰ بی بی اور اور علیمہ خان میں شدید مخالفت اور خاندانی دراڑ واضح نظر آرہی ہے اور دونوں پارٹی پر اپنا اپنا قبضہ چاہتی ہیں ،سیاسی مبصرین کے مطابق بشریٰ بی بی کا جو پیغام سامنے آیا ہے اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ بشریٰ بی بی ہمدردی کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے من گھڑت بیانات کو تروڑ مروڑ کر اپنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے
، بشریٰ بی بی اپنے سیاسی مفادات کیلئے بانی پی ٹی کی جیل میں موت کے فرضی امکانات کو ظاہر کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے، پارٹی پر قبضے کی جنگ میں بشریٰ بی بی کو ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے ایک بڑے واقع کی ضرورت ہے جو اس کے خود ساختہ بیانیے سے ظاہر ہو رہا ہے، دوسری جانب علیمہ خان کے پیغامات بشریٰ بی بی کے پارٹی پر قبضے کے بیانیے کے حوالے سے خدشات کو تقویت دے رہے ہیں،سیاسی مبصرین کی رائے میں علیمہ خان بشریٰ بی بی کے سازشی ذہن سے واقف ہے تبھی یہ بیانیہ اس کیلئے تشویش کا باعث بن گیا ، علیمہ خان سیاسی معاملات کو بشریٰ بی بی کے ہاتھ جانے سے بچانے کیلئے پیغامات کو ڈس انفارمیشن قرار دے رہی ہے،روٴف حسن کودی گئی ہدایات میں علیمہ خان کا پارٹی میں اثر و رسوخ واضح نظر آرہا ہے جسے وہ بشریٰ بی بی کے حوالے نہیں کرناچاہتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ علیمہ خان بشریٰ بی بی کے بیانیے کو روکنے کیلئے روٴف حسن کو استعمال کر رہی ہے تاکہ پارٹی پر قبضہ کرسکے، وٹس ایپ گفتگو روٴف حسن پر علیمہ خان کی مضبوط گرفت ثابت کرتی ہے،مذکورہ بالا حقائق سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان میں پارٹی پہ قبضے کی جنگ جاری ہے اور دونوں کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
Comments are closed.