اسلام اباد( آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ اسپیڈ کی رفتار کم ہونے سے متعلق معلومات نہ ہونے پر پی ٹی اے سے رپورٹ طلب کر لی ہیں۔جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق وکیل وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پر برہم ہوگئے۔اور ریمارکس دیئے ہیں اگر آپ کو علم نہیں تو روسٹرم چھوڑ دیں۔باقی باتیں چھوڑیں انٹرنیٹ سے جڑا معاشی نقصان ہوا ہے، فری لانسنگ بہت نوجوانوں کا ذریعہ معاش ہے، انٹر نیٹ نہ ہونے سے متاثر ہو رہا ہے، آپ ایک طرف سے کہتے ہیں پاکستان میں انٹرنیٹ بینکنگ کریں دوسری طرف انٹرنیٹ نہیں چل رہا۔انھوں نے یہ ریمارکس پیرکیروزدیئے ہیں۔ کیس کی اگلی سماعت 3 ستمبر کوہوگی۔فائر وال اور انٹرنیٹ کی کم سپیڈ کے خلاف سینئر صحافی حامد میر کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔دوران سماعت عدالت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
جبکہ وکیل وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے عدالت کو بتایا کہ آئی ٹی منسٹری کی جانب سے ایسی کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی ہے۔جس پر چیف جسٹس نے وکیل آئی ٹی سے استفسار کیا کہ انٹر نیٹ سلو کیوں ہے، وکیل آئی ٹی نے جواب دیا مجھے اس سے متعلق معلومات نہیں ہیں۔جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل وزارت آئی ٹی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے اگر آپ کو علم نہیں تو روسٹرم چھوڑ دیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ سب میرین کیبل خراب ہوئی ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا ہماری ہی کیبل خراب ہونی ہے، یہاں نہ درخواست گزار کو علم ہے نہ ہی کورٹ میں آئے لوگوں کو معلوم ہے کہ دراصل ہو کیا رہا ہے، اگر کیبل خراب ہے تو اس کو ٹھیک کرنے کی ذمہ داری کس کی ہے۔جبکہ وکیل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے عدالت میں بتایا کہ یہ بہت سی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ باقی باتیں چھوڑیں انٹرنیٹ سے جڑا معاشی نقصان ہوا ہے، فری لانسنگ بہت نوجوانوں کا ذریعہ معاش ہے، انٹر نیٹ نہ ہونے سے متاثر ہو رہا ہے، آپ ایک طرف سے کہتے ہیں پاکستان میں انٹرنیٹ بینکنگ کریں دوسری طرف انٹرنیٹ نہیں چل رہا۔اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ پہلے ایک سب میرین کیبل کٹی تھی جو 28 کو ٹھیک ہوگئی، پھر دوسری کیبل کٹی جس کو ٹھیک ہونے میں ایک مہینہ لگے گا رات کو ایک میسج آیا اور بتایا گیا کہ ایک اور سب میرین کٹ گئی ہے۔
اس پر چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ لاہور میں بھی ایسی درخواست ہے، نہ وہاں کوئی ذمہ داری قبول کر رہا نہ یہاں۔وکیل پی ٹی اے نے عدالت میں بتایا کہ اگر مجھے صحیح بریف نہ کیا گیا تو میں ان کو ریپریزنٹ نہیں کروں گا۔چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ اگر کیبل کٹی ہوئی ہے تو مجھے چھوڑیں اپ نے عوام کو کیوں نہیں بتایا، جبکہ اٹارنی جنرل سے استفسار میں چیف جسٹس نے کہا پچھلے دس دن کے اخبارات دیکھیں وزرا اور پی ٹی اے کے چیئرمین کے اپنے بیانات میں تضاد ہے، کاروباری کمیونٹی پچھلے دس دن سے شکایت کر رہی ہے۔درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ مخصوص موبائل اپیلی کیشنز کے فنکشنز کام نہیں کر رہے، مثلا وائس ایپ پر تصویر اور وائس نوٹ نہیں سینڈ ہوتے جس کا سب میرین کیبل سے کوئی تعلق نہیں۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے آپ عوام کو مس لیڈ کر رہے ہیں سمجھ نہیں آ رہی عوام کس کا یقین کریں، پچھلے کچھ دنوں سے حکومت آفیشلز نے مختلف بیانات دیے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ ہو کیا رہا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔
Comments are closed.