آئی پی پیز کو نہیں پال سکتے، آج بھرپور ہڑتال ہو گی: حافظ نعیم الرحمان

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے آج (بدھ کو ) ملک بھر میں بھرپور ہڑتال کو کامیاب بنانے کا اعلان کرتے ہوے کہا ہے ہم آئی پی پیز کو نہیں پال سکتے۔ آئی پی پیز سالانہ کپیسٹی چارجز چھوڑ دیں تو بل کم ہوجائیں گے۔ لاہور میں ہال روڈ پر تاجروں کے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگے بلوں نے ملکی معیشت اور صنعت کو برباد کردیا ہے، کسی مارکیٹ کو تیس تو کسی کو چالیس ہزار روپے ٹیکس کو قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے آئی پی پیز میں شریف خاندان کے شئیر ہونے کا دعوی کرتے ہوے کہا کہ آئی پی پیز کو نہیں پال سکتے، آئی پی پیز سالانہ کپیسٹی چارجز چھوڑ دیں تو بل کم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں تاریخی ہڑتال ہوگی، لاہور پاکستان کا دل ہے،

سب تاجر ہڑتال پر یکجہتی کااظہار کریں گے، حکومت کہتی ہے ہڑتال سے کاروبار خراب ہوجائے گا تو وہ پہلے ہی خراب ہے، معیشت خود حکومت تباہ کررہی ہے، احتجاج کی کوشش سے حکومت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھرپور ہڑتال ہوگی پھر تاجروں سے مشاورت کریں گے، اگر ریلیف نہ ملا تو آئندہ بھی ہڑتالیں کریں گے، کسی بھی حکومتی سازش سے جدوجہد کو سبوتاڑ نہ ہونے دیں، حق دو عوام کو کے سلسلے میں ہونیوالی ہڑتال کے موقع پر آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو واقعہ ہوا وہ قابل مذمت ہے، چن چن کر قتل کوئی انسان نہیں کرسکتا، دہشت گرد بیرونی طاقتوں پر دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں، دشمنوں کا ایجنڈا ہے ملک کو کمزور کیا جائے، فوج اور عوام میں تقسیم کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلیک واٹر، بھارتی را یا بیرونی ایجنسیوں کے ایجنڈے و دہشت گردی کو قبول نہیں کیاجا سکتا، بلوچوں کی لیڈر شپ سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جائے۔

Comments are closed.