چانسلر کے انتخاب کا الیکشن، عمران خان کیخلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں درخواست دائر

لندن (آن لائن) برطانیہ کی مشہور و معروف آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب کے لیے ہونے والے الیکشن سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹیشن دائر کرنے والے خرم بٹ کا کہنا ہے کہ عمران خان آکسفورڈ جیسی معتبر یونیورسٹی کے چانسلر بننے کے اہل نہیں کیوں کہ بانی پی ٹی آئی مالی کرپشن میں ملوث ہیں، انہیں بدعنوانی پر توشہ خانہ کیس میں سزا بھی سنائی جاچکی ، آکسفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر آفس میں بدعنوانی کے شواہد بھی جمع کرا دیئے ہیں

، القادر ٹرسٹ میں 190 ملین پاوٴنڈ کے کیس کی تفصیل سے بھی یونیورسٹی حکام کو آگاہ کردیا ، ان ناقابل تردید شواہد کی فراہمی کے بعد اس بات کا امکان نہیں کہ انہیں چانسلر بننے کیلئے انتخاب لڑنے کا موقع دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی چانسلر کے الیکشن کیلئے نامزدگی کے خلاف جمع کرائی جانے والی پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان سے متعلق کچھ پہلو پریشان کن ہیں، جن کے بارے میں احتیاط سے غور کرنا ضروری ہے، عمران خان نے اکثر ایسے خیالات کا اظہار کیا اور ایسے اقدامات بھی کیے ہیں جو انتہا پسند عناصر سے ہم آہنگ ہیں۔پٹیشن میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے پہلے طالبان کو پاکستان میں دفتر قائم کرنے کی اجازت دینے کی تجویز پیش کی تھی جس پر بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا

، سابق وزیراعظم عمران خان نے اسامہ بن لادن کی بھی حمایت کی اور قومی اسمبلی میں ایک تقریر میں اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیا تھا، اسی طرح عمران خان نے متعدد ایسے بیانات دیئے ہیں جن سے عورت دشمنی کا تاثر ابھرتا تھا اور ان بیانات پر بیحد تنقید بھی ہوئی، اس کے علاوہ عمران خان کے حامی ان کے ناقدین کو آن لائن ہراساں کرتے اور ان پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

Comments are closed.