مہنگائی کی شرح میں کمی کارکردگی کا ثبوت، سفر ابھی بہت لمبا ہے ، شہباز شریف
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی کارکردگی کا ثبوت ہے، ابھی شروعات ہے، سفر لمبا ہے، ہمیں اپنے اخراجات میں کمی لانی ہے،کرپشن اور اسمگلنگ کا خاتمہ کرنا ہے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سفر مشکل ہے مگر ناممکن نہیں،معیشت میں استحکام لانا ہے،روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ہیں، آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں، یہ آئی ایم ایف کے ساتھ آخری پروگرام ہو گا۔ انہوں نے کہا نے افراط زر کی شرح اور مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگست میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد تک گرنا حادثہ نہیں ہے بلکہ یہ نتائج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں ہم نے دن رات ایک کر کے حالات بدل دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو ستائش پیش کرتا ہوں۔ جن کی محنت سے مہنگائی میں کمی آئی ۔ انہوں نے کہا پاکستان کے کروڑوں لوگ بہت قابل ہیں، یہاں کسی چیز کی کمی نہیں، معدنیات، قدرتی وسائل ہیں، حالات میں بتدریج بہتری آرہی ہے، ملک کو تیزی سے آگے لے کر جانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ سفر کٹھن اور مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، پورا یقین ہے اپنی منزل تک پہنچیں گے، اپنے اہداف پر فوکس رہنا ہوگا، عملی بصیرت پر ہماری کمٹمنٹ باتوں، پیپر اور سمری سے زیادہ ہونی چاہیے۔
Comments are closed.